غریب عوام کی سن لی گئی، وزیراعظم عمران خان کا مہنگائی کیخلاف سخت ایکشن، شاندار اعلان کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے پیر سے مہنگائی کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پیر سے شروع ہونے والے آئندہ ہفتے ہماری حکومت اشیائے خور و نوش سستی کرنے کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے گی، ہم پہلے ہی مہنگائی کے عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے تعین کررہے ہیں کہ آیا رسد میں واقعی کمی ہے، یا پھر مافیا کی جانب سے ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ وغیرہ اس کا سبب ہے، یا دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں اس کی وجہ ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بہرحال آئندہ ہفتے سے ہم اپنی حکمت

عملی نافذ کریں گے اور اداروں سمیت تمام ریاستی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کا آغاز کریں گے۔ملک میں مہنگائی کی وبا کورونا سے زیادہ تیزی سے پھیل چکی ہے۔ پھل، سبزی، مرغی، گوشت، دودھ ، اجناس مہنگے داموں پر فروخت کیے جارہے ہیں، حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ برسات کی وجہ سے سبزیوں کی فصل کی بربادی کو جواز بناکر گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے سبزیاں منہ مانگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیا کی زائد قیمتوں پر شہریوں کی شکایات کا بھی نوٹس لیا ہے۔وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں کی جانب سے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے اشیا کی زائد قیمتوں کی شکایات کی گئی تھیں جس پر وزیر اعظم عمران خان نے موٹروے ریسٹ ایریاز میں اشیا خوردونوش کی زائد قیمتوں پر برہمی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم ڈیلیوری یونٹ نے وزارت مواصلات، این ایچ اے اور آئی جی موٹروے کو مراسلہ ارسال کر دیا۔ وزیر اعظم آفس کی جانب سے کہا کہ موٹروے ریسٹ ایریاز پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیم مختص کی جائیں جو موٹروے ریسٹ ایریاز پر دن اور رات باقاعدگی سے چھاپے ماریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں