نواز شریف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ منسوخ کردیا جائے

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)شریف خاندان کی مشکلات کم نہ ہوئیں، نیب نے نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کر دی۔ وزارت داخلہ نے شہباز شریف کی اہلیہ اور دوبیٹیوں سمیت دس افراد کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کر دئیے۔ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں جبکہ انہیں اشتہاری قرار دینے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ لہذا نواز شریف کی سفری دستاویزات کو منسوخ کیا جائے اور ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے۔ وزارت داخلہ نواز شریف کو وطن واپسی

کے لئے انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔نیب راولپنڈی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ملزم کا احتساب عدالت نمبر تین میں ٹرائل جاری ہے اور وہ جان بوجھ کر عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو رہے اور 9 ستمبر کو انہیں اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔خط میں کہا گیا کہ اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد یکم اکتوبر 2020 کو ٹرائل کورٹ نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور ہدایت جاری کی کہ ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔نیب نے کہا کہ عدالتی احکامات اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد وزارت داخلہ کے ذریعے ملزم کے پاسپورٹ کو بلیک لسٹ یا منسوخ کیا جائے اور شناختی کارڈ کو بلاک کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں