مریم نواز کی ہدایت پر مسلم لیگ ن نے ’ریپڈ فورس‘ بنالی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ہدایت پر ن کی جماعت نے ریپڈ فورس تشکیل دے دی ، لاہور سے 6 ہزار کارکنوں کو ایک فون کال پر فوری تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ۔ اس حوالے سے تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ریپڈ فورس تشکیل دینے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے لاہور ڈویژن کے اجلاس میں کیا گیا ، جب کہ ریپڈ فورس بنانے کا مقصد یہ ہے کہ اگررہنماوں کی گرفتاریاں کی جاتی ہیں تو اس صورت میں مزاحمت کرنے کے لیے کارکن فوری طور پر پارٹی کو دستیاب ہوسکیں ، جس کے لیے لاہور کے منتخب ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کو ہر حلقے سے 200 کارکنوں پر

مشتمل فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔دوسری طرف سینئر صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف رہا جب کہ مریم نواز گرفتار ہو سکتی ہیں ، جلسوں کے ملتوی ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ اس معاملے پر اختلافات سے زیادہ وژن کی کمی ہے ، آہستہ آہستہ مفاہمت پیدا ہو گی ، اس میں 3 فریقین شامل ہیں جن کے درمیان کوئی انڈر سٹیڈنگ نہیں ہے ، آخر مولانا فضل الرحمان کو قیادت سونپ بھی دی جائے تو پھر بھی خطرہ ہے ، دوسرا یہ کہ کچھ اور بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں ، جب کہ پارٹی کے اندر سے بھی ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ پارٹی کی پالیسی ٹھیک نہیں ہے ، ن لیگ میں گروپس بن چکے ہیں جن کے موقف مختلف ہیں ، اب خبر یہ سامنے آئی ہے کہ شہباز شریف رہا ہو سکتے ہیں جب کہ مریم نواز گرفتار ہو سکتی ہیں ۔واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے زیر اہتمام 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والا پہلا جلسہ ملتوی کردیا گیا ، جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکرٹری مولاناعبدالغفورحیدری نے جلسہ ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کاجلسہ اب کوئٹہ میں 18 اکتوبرکو ہوگا ، ذرائع کے مطابق 18اکتوبر کوکوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے پہلے جلسے کی میزبانی جے یو آئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں