جرمن چانسلر کی عمران خان کو دورہ جرمنی کی دعوت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)جرمن چانسلر کی جانب سے وزیراعظم کو دورہ جرمنی کی دعوت، اس حوالے سے رہنما ای یو پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن پرویز اقبال کے مطابق عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد اب تک کسی یورپی ملک کا دورہ نہیں کیا، حالات میں بہتری کے بعد جلد جرمنی جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق رہنما ای یو پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن پرویز اقبال کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ جرمنی کی چانلسر اینجلا مرکل نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ جرمنی کی دعوت دی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد کئی ممالک کے دورے کیے، تاہم وہ اب تک کسی یورپی ملک نہیں گئے۔

اس حوالے سے ان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی اور انہیں جرمنی کے دورے کے حوالے سے تجویز دی۔پرویز اقبال کا بتانا ہے کہ حالات میں بہتری آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان جلد جرمنی کا دورہ کریں گے، اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے ہوں گے، جرمنی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جرمنی سمیت بیشتر یورپی ممالک نے تاحال سفری پابندیاں مکمل طور پر ختم نہیں کیں۔ جبکہ گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران یورپی ممالک میں پھر سے کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس تمام صورتحال میں ابھی واضح نہیں کہ وزیراعظم عمران خان کب جرمنی کا دورہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں