نیوزی لینڈ کی ایک بارپھر کامیابی، کورونا وائرس کو دوبارہ شکست دیدی

ویلنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈ نے دوسری بار کورونا کو شکست دے دی ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کی طرف سے ملک میں کورونا کے خاتمے کا اعلان کیا گیا ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ ان کے ملک کی طرف سے وائرس کو دوبارہ شکست دے دی گئی ہے ، جس کے بعد ملک کے سب سے بڑے شہر آک لینڈ میں کورونا پر قابو پانے کے بعد وہاں پر عائد پابندیاں اب ختم کی جا رہی ہیں ، کیوں کہ آکلینڈ میں کوویڈ 19 کی دوسری لہر ختم کردی گئی ہے ۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کی طرف سے ملک بھر

میں سخت لاک ڈاؤن کرنے کے بعد مئی میں وائرس کے خاتمے کا اعلان کیا گیا ، جس کے بعد 102 دنوں تک ملک میں کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ، تاہم اگست میں نیوزی لینڈ کے 15 لاکھ آبادی والی شہر آکلینڈ میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد شہر میں تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا۔دوسری طرف یورپ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث برطانیہ میں کورونا سے 5 لاکھ سے زائدافراد متاثر ہوگئے ، برطانیہ میں کورونا ٹیسٹ اینڈ ٹریس سسٹم لاگو کردیا گیا ، جس کے بعد سے کورونا مریضوں سے ملاقات کرنے والوں کو آئسولیٹ کیا جا رہا ہے ، اس کے ساتھ ساتھ ایران میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ، جہاں ملک میں 26ہزارسے زائد افراد کوروناوائرس سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ، جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے زائد بتائی گئی ہے ، ترکی میں 8 ہزارسے زائد افراد چل بسے ، اور وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔جب کہ دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے 3 کروڑ 53 لاکھ 93 ہزارسے زائد افراد متاثر اور10 لاکھ41 ہزار708 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں