سعودی عرب بڑی تباہی سے بچ گیا ، 10خطرناک انتہا پسند گرفتار،گولہ بارود برآمد

ریاض (نیوزڈیسک)سعودی عرب دہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچ گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت مملکت میں تباہی پھیلانے کی منصوبہ بندی کرنے والا دہشت گرد گروہ پکڑا گیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں سکیورٹی فورسز نے مشتبہ دہشت گردوں پر مشتمل ایک سیل کو پکڑ لیا ہے۔سعودی عرب کی پریزیڈینسی برائے اسٹیٹ سکیورٹی نے سوموار کے روز اس سیل کے دس مشتبہ افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ ان سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔اسٹیٹ سکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کئے گئے افراد کی جانب سے

ایک مکان اور ایک فارم میں چھپایا گیا بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔ان میں دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والی برقی اشیاء، کیپسٹرز ، ٹرانسفارمر ،گن پاؤڈر ،کیمیاوی مواد کے علاوہ کلاشنکوف رائفلیں ،بندوقیں ، اسنائپر رائفلیں ،ان کی گولیاں ، مشین گنیں ، فوجی ملبوسات اور وائرلیس کمیونیکشن ڈیوائسز شامل ہیں۔حکام اب گرفتار کیے گئے ان تمام دس افراد سے تحقیقات کررہے ہیں تاکہ انھیں ان کی مشتبہ سرگرمیوں اور ان سے اندرون اور بیرون ملک روابط رکھنے والے دوسرے افراد کے بارے میں مفید معلومات حاصل ہوسکیں۔تحقیقات کی تکمیل کے بعد ان کا معاملہ دفترِ استغاثہ کو عدالتی کارروائی کے لیے بھیج دیا جائے گا۔سعودی سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے اس سیل سے وابستہ تین افراد نے ایران میں عسکری تربیت حاصل کی تھی۔انھوں نے دھماکا خیز مواد تیار کرنے کے مختلف طریقے بھی سیکھے تھے جبکہ باقی مشتبہ افراد اس سیل سے مختلف کرداروں کی حیثیت سے وابستہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں