پی ائی اے کے 5جہازوں سے پرندے ٹکراگئے

اسلام آباد (نیوزڈیسک)ایک دن میں پی آئی اے کے 5 جہازوں سے پرندے ٹکرا گئے۔بتایا گیا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 301 سے پرندہ ٹکرا گیا،دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 204 سے بھی پرندہ ٹکرایا۔اسی طرح ملتان ائیرپورٹ پر پی کے 5716 سے بھی پرندہ ٹکرا گیا۔اسلام آباد سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 309 سے بھی پرندہ ٹکرا گیا ہے۔پرندے ٹکرانے سے طیاروں کو نقصان پہنچا۔اگست میں جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے 10واقعات پیش آئے ہیں۔گندگی کے باعث جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔سول ایوی ایشن ائیرپورٹس کے اطراف میں

صفائی ستھرائی رکھنے میں ناکام رہے ہیں۔قبل ازیں بتایا گیا ہے کہ پرندوں سے طیاروں کو بچانے اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بڑا فیصلہ کرلیا۔ہوائی اڈوں پر برڈشوٹر سمیت پرندوں کو بھگانے کے روایتی طریقوں کوبتدریج ختم کیا جائے گا اور ملک کے بڑے انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر پرندوں سے جہازوں کو بچانے کیلئے جدید خودکار برقی نظام نصب کئے جائیں گے۔ جناح انٹر نیشنل، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر ائیرپورٹ پر جدید خود کار نظام نصب کیئے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈی جی سی اے اے حسن ناصر جا می نے احکامات جاری کردیئے۔ڈی جی سی اے اے حسن ناصر جامی کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پربرڈشوٹرسمیت پرندوں کو بھگانے کے روایتی طریقوں کوبتدریج ختم کیا جائے گا،اورجدید سونک سسٹم کی تنصیب ممکن بنائی جائے گی۔ کراچی اور لاہور ائیرپورٹ کے اطراف کی آبادیوں میں گندگی کے باعث پرندوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پرندوں کی آمد کی وجہ سے جہازوں اور فضائی سفر کیلئے خطرے کا باعث بن رہے ہیں۔عیدالاضحی پر کراچی پر گندگی اور کچرے کے ڈھیروں کی وجہ سے پرندوں کی آمد میں سب سے زیادہ اضافہ ہورہا ہے۔ائیر پورٹ انتظامیہ کے مطابق پرندوں کی آمد میں اضافہ جہازوں کیلئے خطرہ ہیں، بلدیاتی اداروں کو متعدد بار صفائی ستھرائی اور کچرے کو اٹھانے کیلئے کہا گیا لیکن تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں