پاکستان میں پہلی مرتبہ صوبائی حکومت کی جانب سے تعمیر کی جانے والی موٹروے کا منصوبہ مکمل

سوات(نیوز ڈیسک)سوات موٹروے کی تعمیر مکمل کر لی گئی، شاہراہ کو 30 ستمبر سے عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے تعمیر کی جانے والی یہ پہلی موٹروے ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت کے ذرائع کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ شمالی علاقہ جات تک رسائی کو بہتر بنانے اور سیاحت کے فروغ کیلئے تعمیر کی جانے والی سوات موٹروے کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔سوات موٹروے کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے تعمیر کی جانے والی موٹروے کا پہلا منصوبہ ہے۔ سوات موٹروے کو پورے روٹ کو 30 ستمبر سے عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔

30 ستمبر سے چکدرہ انٹرچینج آپریشنل ہوگا۔ منصوبے کے افتتاح سے خیبرپختونخواہ میں سیاحت کے شعبہ کو مزید فروغ ملے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ سوات موٹروے فیز 2 کی منظوری بھی دی جا چکی، تعمیر کا جلد آغاز ہوگا۔سوات موٹروے فیز ٹو کے تحت چکدرہ سے فتح پور تک چار لینز پر مشتمل تقریبا 80 کلومیٹر لمبا موٹروے تعمیر کیا جائے گا جس کے لئے پہلے مرحلے میں زمین کی خریداری کی جائے گی۔ منصوبہ صوبے میں سیاحت کے شعبے کو فروع دینے کے سلسلے میں سیاحتی مقامات تک ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے سڑکیں تعمیر کرنے کے منصوبے کا اہم حصہ ہے جسے نہ صرف علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا بلکہ علاقے میں تجارت اور صنعت کو بھی فروغ ملے گا اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ سوات موٹروے فیز 2 کے لیے ابتدائی طور پر 2000 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ منصوبہ کی مجموعی لاگت 20,000 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں