اپوزیشن لیڈرشہباز شریف کی گرفتاری،حکومت کا دلچسپ ردعمل سامنے آگیا

لاہور (نیوز دیسک) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ذوق و شوق سے گرفتاری نہیں دی ، بلکہ یہ ان کی طرف سے کی جانے والی کرپشن اور بد عنوانیوں کے نتیجے میں گرفتار ہوئے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی عبوری ضمانت خارج ہونے پر ان کی گرفتاری پر اپنے ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف نے گزشتہ چالیس سالوں میں جو اقتدار کے مزے لوٹے ہیں، اپنے اس دور میں انہوں نے جو کرپشن اور بدعنوانیاں کی ہیں ، ان سب کی تحقیقات کے لیے جو جے آئی ٹیز اور تمام تحقیقاتی اداروں کی عرق

ریزی کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ انہیں گرفتار کیا جائے، ضمانت خارج ہونے کے بعد یہ بھی اس عمل سے گزریں گے، جو عدالت کا نظام ہے،اور تفتیشی طریقہ کار ہے۔واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ، جس کے بعد نیب حکام نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو کمرہ عدالت سے حراست میں لے لیا ۔ تفصیلات کے مطابق آج لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ، شہباز شریف نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی ، لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس سردار احمد نعیم اور مسٹر جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی ، مسلم لیگ (ن) لاہور کی تنظیم نے اراکین اسمبلی، رہنمائوں اور کارکنوں کو پارٹی صدر محمد شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچنے کی ہدایت کر رکھی تھی ، عدالت میں درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے دلائل سننے کے بعد شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے جس کے بعد نیب کی ٹیم نے شہباز شریف کو گرفتار کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں