چینی اسکینڈل کے اصل ذمہ دار عمران خان اور عثمان بزدار ہیں ، شہباز شریف

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ چینی اسکینڈل کے اصل ذمہ دار عمران خان اور عثمان بزدار ہیں ، بتایا جائے دواؤں اور چینی کے اسکینڈلز پر کیا ہوا، آج کے دور میں گندم اور آٹا نایاب ہے، حکومت کو اقتدار میں آئے دو سال سے زائد ہوچکے ہیں، سلیکٹیڈ وزیراعظم دن رات اسکینڈلز چھپانے میں مصروف ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ آر ٹی ایس فیل ہوا اس کے نتیجے میں حکومت بنی، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے غلط کیس کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا،ہم اس پر آواز اٹھاتے رہے ہیں اور اٹھاتے رہیں گے،

پی ٹی آئی حکومت نے عوام کوسہانے خواب دکھائے تھے، کہا گیا تھا عمران خان آئے گا تو دودھ اور شہد کی نہریں بہیں گی، جو کچھ ہورہا ہے اگر اس میں بہتری نہ آئی تو پاکستانی معیشت پر بلدیہ فیکٹری جیسا حملہ ہونے جارہا ہے، علیمہ باجی نے ایمنیسٹی سکیم سے فائدہ اٹھایا، علیمہ باجی کی بیرون ملک جائیداد پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، الیکشن کمیشن نے ابھی تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں کیا، مالم جبہ کیس اور عمران خان کے خلاف ہیلی کاپٹر کیس کا کیا بنا؟بی آر ٹی میں چار بسیں جل چکی ہیں، جس پر سو ارب روپے خرچ آئے ہیں، جوکہ صرف چھبیس کلو میٹر پر مشتمل پروجیکٹ ہے، عمران خان کی خواہش ہے میں جیل چلا جاؤں، اگر مجھے یا ہم سب کو بھی جیل جانا پڑا تو فرق نہیں پڑے گا، اگر میں جیل چلا گیا تو میرے ساتھی میرا پراجیکٹ سامنے لائیں گے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں پانچ سال منصوبوں میں بچت کی، نوازشریف کے دور میں 50روپے ولای چینی آج100روپے کلو ہوچکی ہے، ہمارے بے شمار منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن سامنے نہیں لائی جا سکی، دو سال میں 56کمپنیوں کیس میں سے کچھ نہیں نکلا، قیامت تک بھی میرے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت لے آئیں تو مجھے معاف نہ کیا جائے،آج پاکستان کے عوام مایوس ہوچکے ہیں،ہمارے اوپر جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان کا نام خراب کیا گیا، تاہم چینی اور برطانوی حکومت نے میرے خلاف الزامات کی تردید کرنے میں ایک منٹ کی بھی تاخیر نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں