کون سا شہر کتنا محفوظ ، اسلام آباد نے نیویارک اور واشنگٹن سمیت دنیا کے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ورلڈ کرائم انڈیکس کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ محفوظ شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔جرائم میں کمی اور محفوظ ترین شہر ہونے کے ساتھ اسلام آباد نے امریکہ، لندن اور بھارت کے بڑے شہروں کو مات دے دی ہے۔ورلڈ کرائم انڈیکس کی رینکنگ کے مطابق اسلام آباد کی ریٹنگ میں چالیس درجے بہتری آئی ہے۔رینکنگ کے مطابق اسلام آباد کے مقابلے میں امریکی شہر نیویارک میں جرائم کی شرح اٹھارہ درجے اور واشنگٹن میں انتیس درجے زیادہ ہے۔لندن ورلڈ کرائم انڈیکس پر رینکنگ میں

چوبیس درجے آگے اور بھارتی شہر نئی دہلی میں اسلام آباد کے مقابلے میں تیس درجے زیادہ جرائم ہوتے ہیں۔ورلڈ کرائم انڈیکس کے مطابق دنیا بھر کے محفوظ شہروں میں اسلام آباد کی رینکنگ 71 ہے۔ اسلام آباد کے مقابلے میں اٹھارہ درجے کمی کے ساتھ نیویارک 53 اور انتیس درجے کمی کے ساتھ واشنگٹن 42ویں نمبر پر موجود ہے۔محفوظ ترین شہروں کے اعتبار سے لندن چوبیس درجے نیچے اور نئی دہلی اسلام آباد کے مقابلے میں تیس درجے کمی کے ساتھ 41ویں رینکنگ پر ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں اسٹریٹ کرائم کی شرح بڑھ گئی ، اسٹریٹ کرائمز کے زیادہ واقعات سیکٹر جی سکس، سیون، ایف سکس، سیون اور ایف ٹین میں ہو رہے ہیں ، سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین میں بھی جرائم کی شرح بہت بڑھ گئی ہے ، وفاقی دارلحکومت میں ڈکیتیاں، موبائل اور پرس چھیننے کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ، امریکی سفارتخانے کے مطابق اسلحہ کی نوک پر گاڑیاں چھینی جا رہی ہیں ، امریکی شہری اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں سفر کے دوران محتاط رہیں ، امریکی شہری قیمتی اشیا لے کر باہر نہ نکلیں ، مارکیٹ میں زیورات پہن کر نہ جائیں ، بینک کا اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت احتیاط کی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں