مریم نواز کےبیٹے جنید صفدر اعوان کی شادی قطر کے معروف خاندان میں طے کردی گئی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزاد جنید صفدر کی شادی طے کردی گئی ، یہ شادی خود میاں نوازشریف نے طے کی اور دلہن قطر میں آباد سیف الرحمن (احتساب بیورو والے) کے خاندان سے ہے ۔یہ انکشاف سینئر کالم نویس اور تجزیہ نگار سہیل وڑائچ نے کیا۔بی بی سی کے لیے لکھے گئے اپنے کالم میں انہوں نے بتایا کہ” لندن میں موجود نوازشریف کی واک کرتے یا اہلخانہ کے ساتھ کافی پیتے تصاویر سامنے آچکی ہیں تاہم سیاسی طورپر خاموش ہیں، تاہم اپنی پارٹی کے اسیران کی رہائی پر انہیں فون کرتے ہیں، حال احوال دریافت کرتے ہیں،

اندازہ ہے کہ وہ زیادہ تر اپنا وقت پارک لین کے فلیٹ میں ہی گزارتے ہوں گے، ان کے دونوں صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز اپنے اہل و عیال کے ساتھ لندن ہی میں موجود ہیں”۔سہیل وڑائچ نے لکھا کہ “سیاست سے ہٹ کر انھیں وقت ملا ہے تو انھوں نے خاندانی امور کی طرف بھی توجہ دی ہے اور اپنے نواسے جنید صفدر اعوان کی شادی قطر میں آباد سیف الرحمن (احتساب بیورو والے) کے خاندان میں طے کر دی ہے۔اندازہ ہے کہ مریم نواز کا والد سے روزانہ کی بنیاد پر رابطہ ہو گا اور شہباز شریف بھی سیاسی اور ملکی امور پر رہنمائی کے لیے نواز شریف سے رابطہ رکھتے ہوں گے۔شہباز شریف کی فرسٹ فیملی آج کل لندن گئی ہوئی ہے، سلیمان شہباز اور ان کے بہنوئی علی عمران کے خاندان ویسے ہی لندن میں ہیں، بیگم شہباز شریف بھی دورہ لندن میں نواز شریف کو ملنے گئی ہوں گی، میاں نواز شریف کی چھوٹی بیٹی اسما اسحاق ڈار کی بہو ہیں اس لیے اس خاندان سے بھی میل جول ہوتا ہو گا۔دوسری طرف لاہور میں موجود شہباز شریف کورونا وائرس کی وجہ سے زیادہ وقت گھر پر ہی گزارتے ہیں۔ سیاسی گپ شپ اور سماجی ملاپ کی خاطر اپنی دوسری بیگم تہمینہ درانی کے ہاں ان کا اکثر چکر لگتا رہتا ہے”۔

اپنا تبصرہ بھیجیں