موٹروے کیس، متاثرہ خاتون نے سی سی پی او لاہور کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا

لاہور(نیوز ڈیسک)موٹروے زیادتی واقعے کی متاثرہ خاتون نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ خاتون سے رابطے میں رہنے والی خاتون صحافی فریحہ ادریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاتون لاہور پولیس چیف کی طرف سے مانگی جانے والی معافی سے مطمئن نہیں کیونکہ سی سی پی او کے تبصروں کے نتیجے میں خود وہ اور ان کے اہلخانہ کو انتہائی درد اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔متاثرہ خاتون نے اس معاملے میں کاروائی کی اپیل کرتے ہوئے سی سی پی او کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔متاثرہ خاتون کے بیان کے بعد

سی سی پی او لاہور نے معافی مانگی جس میں انہوں نے خاتون اور ان کے اہلخانہ سے انہیں ذہنی تکلیف پہنچانے پر معافی مانگ لی ہے۔گذشتہ روز سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے خاتون سے زیادتی کے بعد دئیے گئے متنازعہ بیان پر معافی مانگ لی۔سی سی پی او لاہور نے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی سے قبل یوٹرن لے لیا۔عمر شیخ کا کہنا تھا کہ میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تومعافی مانگتا ہوں۔میرا کوئی بھی غلط مطلب یا تاثر نہیں تھا۔اپنی بہنوں،بھائیوں اور سوسائٹی سے معافی مانگتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بہن جس سے زیادتی ہوئی ہے،اور تمام طبقات سے معافی مانگتا ہوں۔واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کے واقعے سے متعلق کہنا تھا کہ خاتون ساڑھے 12 بجے ڈیفینس سے گجرانوالہ کے لیے نکلیں ۔میں حیران ہوں کہ 3 بچوں کی والدہ اتنی رات کو اکیلے سفر پر نکل رہی ہیں۔اگر آپ ڈیفینس سے نکلی ہیں تو پھر جہاں آبادی ہے وہاں چلی جاتی۔ اگر آپ اس طرف سے نکلی ہیں تو کم از کم گاڑی کا پٹرول چیک کر لیتیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں