متحدہ عرب امارات میں فضائی سفر کرنیوالوں کیلئے خوشخبری

دُبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں مقیم افرا دلیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ایک اور اماراتی ایئر لائن مسافروں کو سفری سہولت دینے کے لیے فضائی شعبے میں آ گئی ہے۔ ابوظبی کی Wizz Airکی جانب سے یکم اکتوبر 2020ء سے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ یہ نئی ایئر لائن ابوظبی حکومت کی سرمایہ کار کمپنی ADQ کے کاروباری اشتراک کے ساتھ فلائٹ آپریشنز شروع کرے گی۔Wizz Airکے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ ان کی ایئر لائن ابتدائی میں یورپی ممالک کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پروازیں مسافروں کو کم قیمت میں سفری

سہولت فراہم کریں گی۔ Wizz Air امارات کی چھٹی ایئر لائن ہے ۔ اس نئی ایئر لائن کی جانب سے ابتداء میں ابوظبی سے جارجیا، یوکرائن، مصر، یونان، قبرص اور آرمینیا کے لیے فلائٹس شروع کی جا رہی ہیں۔Wizz Airکی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگرچہ جنوبی ایشیائی ممالک بھارت، پاکستان کی مارکیٹ بہت وسیع ہے تاہم فی الحال ان ممالک کے لیے پروازوں کا سلسلہ شروع نہیں کیا جا رہا۔مستقبل میں ہم ضرور ایسا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایئر عربیہ ابوظبی کے نام سے نئی ایئر لائن شروع کی گئی ہے ۔اس نئی ایئر لائن کے کرائے باقی تمام اماراتی ایئر لائنز کے مقابلے میں کم رکھے گئے ہیں۔ایئر لائن کی جانب سے پہلی پرواز 14 جولائی سے شروع ہو گئی جو ابوظبی سے مصر کے شہر اسکندریہ کو روانہ ہو گی۔ جبکہ 15 جولائی کو مصر کے ہی شہر سوہاگ کے لیے بین الاقوامی پرواز روانہ ہو گی۔ سفر کے خواہش مند حضرات ایئر عربیہ کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی ٹکٹس بُک کروا سکتے ہیں ۔اتحاد ایوی ایشن گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹونی ڈگلس نے کہا کہ اس بحرانی دور میں لوگوں کی سہولت کی خاطر کم کرائے کی فضائی سروس شروع کی گئی ہے، جس پر ہم بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ایئر عربیہ اور اتحاد گروپ مل کر اس نئی ایئر لائن کو چلا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں