اگر کسی اسکول میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تو کیا،کیِا جائے گا، وزیر تعلیم نے اہم اعلان کردیا

لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے فیصلے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا ،اگر کسی اسکول میں کورونا کے کیسز سامنے آئے تو اسے بند کیا جائے گا ۔ نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرتعلیم نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کہیں سمارٹ اور کہیں مائیکرو لاک ڈاون کیا جائے گا ، کورونا وائرس کے بعد سب سے مشکل کام سکولوں کو کھولنے کا ہے صوبائی حکومتوں کو درخواست کی ہے کہ ضلعی انتطامیہ کے ذریعے انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی بھی

اسکول اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرے گا تو حکومت کو یہ حق حاصل ہوگا کہ اسے بند کردے ۔ایک سوال کے جواب شفقت محمود نے کہا کہ سینئر کلاسوں اور جامعات میں امید ہے کہ وہاں کے بچے ایس او پیز پر عمل کریں گے ، روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ٹیسٹنگ کے اعدادوشمار اور معلومات کو باریک بینی سے دیکھا جائے گا اگر کہیں ہمیں شک ہوا کہ معاملات خراب ہورہے ہیں اور کہیں ہمیں شک ہوا کہ کسی اسکول میں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہورہی ہے تو اس کو مائیکرولاک ڈائون کیا جائے گا ، کہیں پر سمارٹ لاک ڈائون کرنا پڑے گا ، ان تمام چیزوں کیلئے پندرہ بیس دن کا انتظار نہیں کیا جائے گا بلکہ روز جائزہ لیں گے ۔واضح رہے کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو پوسٹ کو وِڈ19 کی صورت حال میں محفوظ رکھنے کے لیے حکمت عملی وضع کر دی گئی ہے جبکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اصولی فیصلے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے بھی والدین کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں ، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے ۔ اسکول انتظامیہ، والدین، اساتذہ، طلبہ، ٹرانسپورٹرز اور اسکول منیجمنٹ کمیٹیوں کو پانچ حصوں میں تقسیم کر کے 76 نکاتی ایس او پیز کا الگ الگ پروفارما تیار کیا گیا ہے ۔ایس او پیز کے مطابق ماسک اور سینی ٹازر کا استعمال، اسکول و کالجز اور ٹرانسپورٹ میں فاصلہ رکھنے سمیت اعلی معیاری ماحول کی فراہمی ضروری قرار دی گئی ہے ۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاری سال کے سلیبس میں تدریس کے محدود دنوں کے دوران ہی سلیبس کی تکمیل کی جائے گی۔ہدایت کی گئی ہے کہ 4 صفحات پر مشتمل ایس او پیز پر عمل کو یقینی بنانا ہوگا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں