کراچی کے تاجروں کی آرمی چیف سے ملاقات، تاجروں نے شکایات کے انبار لگادیئے

کراچی(نیوز ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہاہے کہ کراچی کو 3سال میں مکمل تبدیل کردیاجائیگا جبکہ شہر قائدکے مسائل کوتیزی سے حل کیاجائیگا۔ گزشتہ روزآرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ سے کراچی سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے ملاقات کی،اس موقع پر سربراہ پاک فوج نے مزید کہا کہ کراچی کے سڑکوں،پانی ،بجلی اورگیس سے متعلق مسائل حل ہونگے ۔ذرائع کے مطابق کراچی میں آرمی چیف اور تاجربرادری کے درمیان ملاقات تین گھنٹے جاری رہی جس میں تاجر کمیونٹی کے مسائل ،کراچی کی صورتحال اور سیاسی رسہ کشی پر بھی بات کی گئی۔تاجروں نے آرمی چیف کے سامنے شکایات کے انبارلگادیئے،

سب سے زیادہ شکایات کراچی میں انفراسٹرکچر کے حوالے سے تھیں۔تاجروں نے کہاکراچی کاانفراسٹرکچرتباہ ہوچکا۔شہر میں بارشوں کے باعث معاشی،تجارتی،صنعتی اورسماجی سرگرمیاں رک گئی ہیں۔ صنعتوں کابراحال ہوچکا۔برآمدی اشیاپورٹ تک پہنچانامشکل ہوتاجارہا۔پانی،بجلی اورگیس کی فراہمی بھی شدیدمتاثر ہے جس سے پیداواری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے آنیوالے دنوں میں اشیاخورونوش مزیدمہنگی ہوجائینگی۔پاکستان کی درآمدات اوربرآمدات متاثرہونگی،ریونیوپراسکے منفی اثرات ہونگے ۔تاجروں نے مطالبہ کیاکہ بجلی،گیس اورپانی کے اداروں کومسائل حل کرنے کاپابندبنایاجائے ۔ملاقات میں شہرقائد کی بہتری کیلئے تجاویزپیش کی گئیں۔ملاقات کے بعد تاجروں نے کہا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے مثبت اثرات جلد ظاہرہونگے ۔تاجربرادری کے وفدمیں صدر کراچی چیمبرآف کامرس ، صدرپاکستان سٹاک ایکسچینج اورصدر ایف پی سی سی آئی انجم نثاربھی شامل تھے ۔آرمی چیف نے تاجروں کی شکایات سننے کے بعد مسائل حل کرنے کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ3سال میں کراچی بدل جائے گا،کراچی کی بہتری کے لیے مل کر کام کرینگے ،کراچی کے پانی ،سیوریج ،سڑکوں اور تجاوزات کا مسئلہ حل ہوجائے گا،شہر قائد کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں