وفاق نے کراچی کے لیے جو وعدہ کیا وہ اربوں روپے کے فنڈز کہاں ہیں ؟ شہباز شریف

کراچی (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ(ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف پارٹی وفد کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔شہبازشریف نے کراچی پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کی روشنی کوبجھنےنہیں دیں گے۔ کراچی میں سیلاب سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں۔ امیر غریب سیلاب کی تباہ کاریوں سے پریشان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کراچی آکرسندھ حکومت کےساتھ بیٹھیں کیوں کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ،مسائل کے حل کرنے کا ہے۔ ملک کومشکل حالات کا سامنا ہے اس لیے سیاست نہیں کرنی چاہیے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ

کراچی میں بارش کے باعث لوگوں کے اثاثے ڈوب گئے۔ اس شہر میں ترقیاتی کام ہونے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ کی مشاورت سے امدادی کاموں میں حصہ لے اورکراچی میں سیلاب سےمتاثر ین کے لیے وفاق قرضہ دے۔احسن اقبال اور ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب بھی شہبازشریف کے ہمراہ ہیں۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کے ساتھ ملاقات میں شہباز شریف ان کی مزاج پرسی کریں گے اور قومی وسیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ترجمان ن لیگ کے مطابق شہبازشریف ضلع ملیر کا دورہ بھی کریں گے۔ سماجی کارکن فیصل ایدھی ملاقات بھی شیڈول کا حصہ ہے۔ شہبازشریف این اے 249 کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ذرائع کےمطابق شہبازشریف پاکستان پیپلزپارٹی کے سربراہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات شام چار بجے بلاول ہاؤس میں ہوگی۔شہباز شریف بارش سے متاثرہ علاقوں کا بھی جائزہ لیں گے اور عوام سے بات چیت کر کے ان کے مسائل بھی جانیں گے۔ شہباز شریف پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور ن لیگ کی مقامی قیادت کو کراچی میں ریلیف سرگرمیوں کی ہدایات دیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں طوفانی بارشوں کے دوران کراچی شہر ڈوب گیا تھا جہاں تاحال بحالی کا کام جاری ہے جبکہ مختلف این جی اوز کی جانب سے بھی متاثرہ علاقوں میں ریلیف کا کام کیا جا رہا ہے۔ن لیگ کے مرکزی نائب صدر نے بارشوں اور سیلاب سے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ شہبازشریف نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات سے دوچار پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں