جماعت اسلامی چہرے بدلنے کے بجائے امام اور نظام کی مکمل تبدیلی پر یقین رکھتی ہے، دردانہ صدیقی

حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ہماری سرگرمیوں کا مرکز محض عارضی تبدیلی یا چہرے بدلنا نہیں، بلکہ امام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ مکمل نظام کی تبدیلی ہے، جماعتِ اسلامی کے پاس دیانت دار ،امانتدار،با صلاحیت اور با کردار قیادت اور افراد کا سرمایہ ہے، ملکی سیاست میں اجلے دامن والے سامنے آئیں گے تو عوام کے حالات اور ملک کی تقدیر بدلے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی مجلسِ شوریٰ سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی خواہش رکھنے والوں کی انفرادی و اجتماعی زندگی ،تنہائیاں اور محفلیں انکے کردار کی گواہی دینے والی ہونی چاہئیں، دین کی طرف بلانے والے دوسروں کے لئے نمونہ بنیں۔

قیادت کا کردار رہنمائی کرنا ہے ہمیں اپنے ہر لمحے،ہر قول اور فعل کا احتساب خود کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود احتسابی کا عمل افراد اور قوم دونوں کے لئے مفید ہے، جو قومیں اپنا احتساب نہیں کرتیں ان کا احتساب وقت کرتا ہے ۔ انہوں نے تاکید کی کہ ذمہ داران اور کارکنان اخلاص،سچائی اور ایفائے عہد کے تحت اپنا محاسبہ کریں اور اس کے ذریعے اپنی شخصیت میں پختگی پیدا کریں، بنیان مرصوص بن کر جذبہ باہم کے ساتھ اقامت دین کا کام کریں، اپنی دعوت اعتماد کے ساتھ پیش کیجئے،اپنے اخلاق و کردار کا میعار بلند کیجئے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تعداد کے ساتھ معیار اہم ہے معیار بلند ہو تو تعداد پر غالب آتا ہے، اسکی مثال غزوہ بدر میں ملتی ہے کہ کیسے ایمان واستقامت کے بلند میعار نے تعداد کو شکست دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں