سعودی عرب :کنگ سلمان اسپتال میں کورونا کا آخری مریض صحت یاب ہوکر گھر چلاگیا، کورونا وارڈ بند کردیا گیا

ریاض(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں بہترین احتیاطی اقدامات اور علاج معالجے کی سہولیات کے باعث کورونا مریضوں کی بڑی گنتی صحت یاب ہو چکی ہے، اگرچہ نئے کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں، مگر موثر علاج کے باعث یہ بھی جلدی شفا یاب ہو رہے ہیں۔ کچھ روز قبل سعودی عرب کے ایک بڑے ہسپتال میں بھی کورونا کا وارڈ بند کر نے کی خوش خبری سُنائی گئی تھی ۔اب کنگ سلمان ہسپتال میں بھی زیر علاج کورونا کا آخری مریض شفا یاب ہو گیا جس کے بعد ہسپتال میں کورونا وارڈ بند کر دیا گیا ہے۔ کنگ سلمان ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ممدوح التقیل نے بتایا کہ ہسپتال میں کورونا ایمرجنسی ختم کی گئی ہے۔

اگر آئندہ کورونا کا کوئی مریض سامنے آ یا تو اسے سپیشلسٹ ہسپتال میں ریفر کیا جائے گا۔ہسپتال سے فارغ ہونے والے کورونا کے آخری مریض ابو عبدالعزیز کا کہنا تھا کہ اس نے کورونا سے بچاؤ کے لیے گائیڈ لائنز کی پابندی کی تھی، جانے اسے پھر بھی کیسے کورونا لاحق ہو گیا۔تاہم ہسپتال والوں کے بہترین علاج کے باعث وہ اب صحت یاب ہو کر واپس جا رہا ہے، جس پر وہ ان کا شکر گزار ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ریاض کے کنگ سعود میڈیکل سٹی میں بھی کورونا کے تمام مریض صحت یاب ہونے کے بعد کورونا وارڈ بند کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی جانب سے جشن منایا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔کنگ سعود میڈیکل سٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد الظہمشی کی جانب سے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ڈاکٹروں کے جشن کی ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی۔ جس کے ساتھ انہوں نے کمنٹ کیا۔ ”کنگ سعود میڈیکل سٹی میں کورونا مریضوں کے لیے مخصوص آئسولیشن وارڈز بند کیے جانے پر میڈیکل اور نرسنگ سٹاف کی جانب سے خوشی منائی جا رہی ہے۔ مملکت میں کورونا کیسز کی گنتی میں کمی اور مریضوں کے تیزی سے صحت یاب ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔“ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہوئی اور لوگوں کی جانب سے طبی عملے کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر خالد الظہشمی نے اپنی دوسری ٹویٹ میں کہا کہ سعودی مملکت میں کورونا مریض کم ہوئے ہیں ،مگر وائرس ختم نہیں ہوا۔ بہت سے لوگ ابھی تک کورونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔ مملکت میں مقیم تمام افراد کو وزارت صحت کی جانب سے جاری گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں