آزاد کشمیر میں 45نشستوں پر پولنگ شروع، 742 امیدوار مدمقابل

کراچی / لاہور(نیوز ڈیسک) آزاد کشمیر انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کے لیے 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جب کہ انتخابات میں 742 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات آج ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ کے لیے تمام انتظامات کوحتمی شکل دے دی۔ پولنگ میٹریل بھی ریٹرننگ افسران کو فراہم کردیا۔ ان نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے ہیں۔ انتخابات میں آزاد کشمیر کے 33 حلقوں میں سابق وزرائے اعظم، سیاسی جماعتوں کے سربراہان وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔گیلپ پاکستان کے سروے میں آزاد کشمیر کے 44 فیصد عوام نے الیکشن میں تحریک انصاف کی حمایت کی جبکہ 67 فیصدکشمیریوں نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دیا۔آزاد کشمیر کے مہاجرین کے لیے لاہور کی دو نشستوں ویلی ٹو کشمیر اور جموں ون میں آج 9 ہزار چھ سو 31 ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ ان دو نشستوں پر 6 ایس پیز، 18 ڈی ایس پیز،25 ایس ایچ اوز تعینات ہیں۔ ۔پولنگ بوتھ پر 700 پولیس جوانوں کے ساتھ 100 لیڈیز اہلکار بھی چیکنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں سندھ بلوچستان میں آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے لیے 2 حلقوں حلقہ ایل اے 40 وادی 1 اور ایل اے 34 جموں 1 پر مہاجرین کی دونوں نشستوں پر انتخابات آج ہو رہے ہیں۔ ایل اے 34 سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے 48 اضلاع پر مشتمل ہے جبکہ ایل اے 40 سندھ اور بلوچستان کے 24 اضلاع پر مشتمل حلقہ ہے۔ مجموعی طور پردونوں نشستوں پرمختلف جماعتوں کے 21 امیدوار مدمقابل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں