کورونا ویکسین نہ کروانے والے افراد کی موبائل سمز بند کروانے کی سفارش

کراچی((نیوز ڈیسک)سندھ حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کی سمز بند کروانے کی سفارش کر دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا ویکسین نہ کروانے والے افراد کی موبائل سمز بند کروانے کی سفارش کر دی ہے۔ اس ضمن میں سندھ حکومت نے این سی اوسی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے جس میں ویکسین نہ کروانے والوں کی موبائل فون سم بلاک کرنے کی سفارش کی جائے گی۔دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے بھی موبائل سم بلاک کروانے کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے این سی او سی کو

سندھ حکومت کا فیصلہ کمیونیکیٹ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو لوگ ایک ہفتے کے دوران ویکسین نہ کروائیں اُن کا موبائل سم بلاک کیا جائے جب کہ اگلے مہینے سے ان سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا فیصلہ کیا جائے گا جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی۔واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سندھ حکومت کی جانب سے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر صوبے میں ایک بار پھر پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں پیر سے شادی ہالز اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور ہفتے میں 2 دن مارکیٹیں بھی بند رکھی جائیں گی جس کے لیے جمعہ اور اتوار کے دن مقرر کیے گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں صوبے بھر میں پیر سے تعلیمی ادارے بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم صوبے میں امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے اس کے علاوہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہوگا جب کہ پیر سے شاپنگ مالز اور مارکیٹیں صبح 6 سے شام 6 بجے تک کھلیں گے، کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی جب کہ صوبے بھر میں درگاہیں بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ریسٹورینٹس پیر سے انڈور اور آؤٹ ڈور دونوں بند ہوں گے اور صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں