’فالوورز دیکھ کر ان لوگوں کو کاسٹ کرلیا جاتا ہے جن کے منہ سے جملے نہیں نکلتے‘

پاکستان کے مقبول اداکارفیصل قریشی نے انڈسٹری میں رنگت اور انسٹاگرام فالوورز کی بنیاد پر اداکاروں کو منتخب کرنے کے طریقہ کار پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔اداکار فیصل قریشی حال ہی میں ایک نجی ویب چینل کے شو میں جلوہ گر ہوئے اور دوران شوفیصل قریشی نے میزبان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان شوبز انڈسٹری کو پروان چڑھانے کے لیے اچھے اداکاروں کی ضرورت ہے، میں بہت ساری جگہوں پر بہت سارے اداکاروں کے نخرے دیکھتا ہوں صرف اس لیے کہ ان اداکاروں کے کئی ملین فالوورز ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ باقی سارے اداکار بے کار ہیں۔فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ’ میں یہ کہناچاہوں گا کہ جو اچھےاداکار ہیں وہ درحقیقت ضائع ہو رہے ہیں، کیوں کہ جب انڈسٹری میں ایسے بہت سے اداکاروں کو دیکھتاہوں جنہیں ان کے چہروں، رنگ اور انسٹاگرام فالوورز دیکھ کر منتخب کیا جاتا ہے تو بہت تکلیف ہوتی ہے کیوں کہ یہ اداکار ایسے بہت سے دوسرے اداکاروں کو ضائع کر رہے ہیں جو کہ دراصل بہترین اداکار ہیں، ان میں خواتین اور مرد فنکار دونوں ہی شامل ہیں۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بہت سی چیزیں دیکھ کر بہت تکلیف محسوس ہوتی ہے کہ یہ سب کیا ہورہا ہے اور یہ تکلیف خود کے بجائے ان اداکاروں کے لیے ہے جو بہت اہم کرداروں کے قابل ہیں لیکن اس کے باوجود انھیں چھوٹے کردار دیے جاتے ہیں اس طرح انہیں ضائع کیا جارہا ہے۔فیصل قریشی کا مزید کہنا تھا کہ اداکاروں کو منتخب کرنے کے لیے اب یہ معیار بن گیا ہے کہ جملہ پورا منہ سے نکلتا نہیں ہے لیکن انسٹاگرام فالوورز دیکھ کر انہیں منتخب کر لیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں