میری گاڑی کو ہاتھ لگانے کی ہمت کیسے ہوئی،فینسی نمبر پلیٹ ہٹانے پر خاتون ٹریفک اہلکار پر سیخ پا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک )فینسی نمبر پلیٹ اتارنے پر خاتون نے ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک خاتون کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اسے ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ الجھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی تھی کہ اس دوران خاتون سیخ پا ہو گئی۔ٹریفک اہلکار نے خاتون سے ڈرائیونگ لائسنس بھی مانگا اور سوال کیا کہ گاڑی کی اصلی نمبر پلیٹس کہاں ہیں؟ خاتون نے ٹریفک اہلکار کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور اہلکار کا موبائل فون بھی چھین لیا۔

ویڈیو میں اہلکار خاتون سے انتہائی مہذب انداز میں بات کرتے نظر آئے۔جب اہلکاروں کی جانب سے فینسی نمبر پلیٹ اتاری گئی تو خاتون گاڑی سے باہر آ گئی اور چیخنا چلانا شروع کر دیا اور کہا کہ میری گاڑی کو ہاتھ لگانے کی ہمت کیسے ہوئی۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے خاتون کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔صارف نے کہا کہ آج صبح فیصل ایونیو پر فیشن نمبر پلیٹ لگانے اور اصلی نمبر پلیٹ نہ ہونے پر پولیس نے خاتون کا چالان کرنے کی کوشش کی۔ لیکن ایلیٹ خاتون کی جانب پولیس کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ امیروں کے لیے قانون ایک اور عام عوام کے لیے دوسرا قانون ہے – عورت شکایت کرے تو فورا ایف آئی آر درج ہو جاتی ہے اور اگر عورت پولیس والے کو گریبان سے پکڑے تو سارا سسٹم چپ، کیونکہ وہ ایک امیر زادی ہے۔صارف کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ مذکورہ واقعے کے خلاف ایکشن لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں