ڈیلٹا کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، ملک بھر میں ایک بار پھر لاک ڈائون لگانے کی تیاریاں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کورونا ٹاسک فورسز کے سربراہ ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو ڈیلٹا ویرینٹ کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکتا ہے تاہم فوری طور پر اس کا امکان نہیں ہے۔اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی ابھی تک کامیاب رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 10 سے 50 فیصد کے درمیان ہے اور ہر ہفتے تیزی سے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کا یہ ویرینٹ جہاں بھی پہنچا تیزی سے چھا گیا ہے۔ڈاکٹر عطاالرحمن نے مزید کہا کہ کورونا کے اس ویرینٹ فنگس بھی ہو رہا ہے اور لوگ اپنی آنکھیں کھول رہے ہیں۔

کورونا ویکیسن کے ساتھ ایس او پیز کی پاسداری بھی ضروری ہے۔کورونا کی تمام ویکیسن ڈیلٹا اور ڈیلٹا پلس ویرینٹ سے کسی حد تک محفوظ رکھتی تھی تاہم کورونا ہونے کا امکان رہتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا ویرینٹ انسانی ہڈیوں کو متاثر کرنے کے ساتھ پھیپڑوں اور آنتوں پر حملہ کرتا ہے اور تیزی سے جسم کے اندر سرایت کرتا ہے۔کورونا کی نئی اقسام ہر دو سے تین ماہ میں آ رہی ہیں۔خیال رہے کہ ملک بھر میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2545 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 48ہزار 910ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2545 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ملک میں اب تک کورونا کے مصدقہ مثبت کیسز کی تعداد 981,392ہوگئی ہے جن میں سے 916,373مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز اس وبا نے مزید 47 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا۔ اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار 689ہوگئی ہے۔ جب کہ مثبت کیسز کی شرح 5.2 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں