پروگرام میں تلخ کلامی، قادرمندو خیل نے فردوس عاشق اعوان کو 58 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی رکن قومی اسمبلی قادرمندوخیل نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں تلخ کلامی اور نوک جھونک پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو لیگل نوٹس بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی قادرمندوخیل کی جانب سے فردوس عاشق اعوان کو بھجوائے گئے لیگل نوٹس کے متن کے مطابق ٹی وی پروگرام میں فردوس عاشق نے منتخب نمائندے کو تھپڑمارا، غلیظ زبان استعمال کی، فردوس عاشق اعوان 7روز میں معافی مانگیں ،58 ارب روپے ہرجانہ بھی ادا کریں۔لیگل نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ہمارے کلائنٹ قادر مندوخیل

اپنے حلقے میں قابل احترام شخصیت ہیں، پروگرام میں فردوس عاشق اعوان نے قادر خان مندوخیل پر من گھڑت الزامات لگائے۔قادرخان مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان کو کرپشن کا آئینہ دِکھایا تو آپے سے باہر ہوگئیں۔ قادر مندوخیل کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں مطالبہ کیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان قادر مندوخیل سے تحریری طور پر غیر مشروط معافی مانگیں اور معافی نامہ پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا میں شائع کروایا جائے۔یاد رہے کہ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندوخیل کو ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوایا تھا۔ بغیر ثبوت کرپشن کے الزامات لگائے گئے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، معافی نہ مانگی گئی تو ہتک عزت آرڈیننس کے تحت کاروائی کریں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر مندو خیل کو بحث میں گرما گرمی ہونے پر تھپڑ رسید کر دیا اور گالم گلوچ بھی کی۔دونوں سیاسی رہنماؤں میں لڑائی ہونے کے بعد شو کو آف ایئر کر دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں