اسلام آباد میں بھارتی قسم کا خطرناک کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، عید پر لاک ڈائون کی تیاریاں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ایک ماہ بعد یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 100 سے اوپر چلی گئی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، ٹرانسپورٹ اور انڈور تقریبات پر پابندی عائد کرنے پر غور، صورتحال خراب ہوئی تو عید پر لاک ڈاون لگانا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے پچھلے ایک ماہ میں بڑی سختی کی جس کی وجہ سے کیسز میں کمی آئی۔ ایک ماہ بعد پھر سے ایک دن میں کورونا کیسز 100 سے اوپر چلے گئے ہیں، کورونا کی چوتھی لہرآچکی ہے۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں

ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا، آج سے پھر سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سختی کرنے جا رہے ہیں۔ہماری 15ٹیمز اسلام آباد میں مختلف جگہوں کا معائنہ کریں گی۔ اسلام آباد میں انڈور تقریبات پر پابندی عائد کریں گے۔ انڈور تقریبات میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو آنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تقریباً 7 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ بہت سارے لوگ کورونا ویکسی نیشن نہیں کرانا چاہ رہے۔ ڈیلٹا وائرس تیزی سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں پھیل رہا ہے۔اگر یہ مکمل طور پر پھیل گیا تو ہمیں ویکسی نیشن کے عمل کو پھر سے کرنا ہوگا۔ تمام شہریوں سے ایس او پیز پر عمل درآمد کی اپیل ہے۔ عید سے پہلے حالات کو مکمل طور پر قابو میں لینا ہوگا، تاکہ عید پر لاک ڈاؤن نہ لگانا پڑے۔ اگر حالات قابوں میں نہ آئے تو عید پر لاک ڈاون لگانا پڑے گا۔ ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح محکمہ صحت پنجاب نے کورونا کیسز بڑھنے کے پیش نظر اسمارٹ لاک ڈاوَن کا عندیہ دے دیا، سیکرٹری ہیلتھ سارہ اسلم نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر کا خدشہ ہے، کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر پُرہجوم جگہوں کو دوبارہ بند کرنا پڑے گا، شہری ماسک کا استعمال اور ویکسین لازمی لگوائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں