راولپنڈی میں بھارتی کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے 15کیسز سامنے آگئے

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کی بھارتی قسم ڈیلٹا پاکستان پہنچ گئی۔ راولپنڈی سے ڈیلٹا قسم کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈویژنل کمشنر سید گلزار حسین شاہ نے بتایا کہ ضلع راولپنڈی میں کووڈ 19 کی ڈیلٹا (بھارتی) قسم کے 15 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے۔ جس کے بعد محکمہ صحت نے ضلع راولپنڈی کے اُن 10 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی ہے جہاں سے کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ان علاقوں میں مصریال روڈ، اڈیالہ روڈ، ٹینچ بھٹہ، گلشن آباد، ڈھوک کشمیری، امر پورہ، خیابانِ سرسید، ڈھوک دلال اور جلالہ روڈ، ٹیکسلا شامل ہیں۔

تاہم ضلعی انتظامیہ نے ابھی تک صوبائی صحت حکام کی تجویز کے مطابق کارروائی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی ”ڈیلٹا” قسم سے متعلق خبردار کیا تھا۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم نہایت تیزی سے نہ صرف حرکت کرتی ہے بلکہ کمزور افراد کو تلاش کرکے انہیں جاں بحق کرنے کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ہیلتھ ایمرجنسیز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیک ریان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنبیہہ کی اور کہا کہ ڈیلٹا قسم کا کورونا مزید جان لیوا ہوسکتا ہے کیونکہ لوگوں کے درمیان اس کی منتقلی بہت زیادہ مؤثر طریقے سے ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قسم سابقہ اقسام کے مقابلے میں کمزورافراد کو زیادہ منتخب کرتی ہے اور اگر لوگوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی ہو تو وہ مستقبل میں خطرے کی زد میں ہوں گے۔ڈاکٹر مائیک ریان نے کورونا وائرس کی ڈیلٹا قسم کے خطرے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی ڈیلٹا قسم بتدریج ایسے کمزور افراد تلاش کرلے گی جو بہت زیادہ بیمار ہوجائیں گے، اسپتال میں داخل ہوگے اور ان کے جاں بحق ہونے کا خطرہ ہو گا۔ عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈیلٹا کے پھیلاؤ کی رفتار کو سست کرنے کے لیے غریب ممالک کو مزید ویکسینز عطیہ کریں۔حال ہی میں پاکستان میں کورونا وائرس کی تین اقسام ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ ترجمان وزارت صحت نے کہا تھا کہ مئی کے آخر میں اور جون کے پہلے پندرہ دنوں میں مریضوں کے سیمپل لیے گئے تھے۔

ان سیمپلز میں ڈیلٹا(ہندوستانی)، بیٹا (جنوبی افریقی) اور الفا (یوکے) کی مختلف اقسام کی تشخیص ہوئی۔ اعداد و شمار کو این آر ایچ کے فیلڈ ایپیڈیمولوجی اینڈ ڈیزیز سرویلنس ڈویژن اور دیگر متعلقہ قومی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا گیا ۔سیمپلز میں یوکے، انڈین اور ساؤتھ افریقن وائرس کی اقسام سامنے آئیں۔دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا پھر تیزی سے پھیل رہا ہے اور مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو باعث تشویش ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمارکے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید27 فراد چل بسے ۔ ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 22 ہزار520 ہوگئی ہے،جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 69 ہزار476 ہوگئی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں