طور خم بارڈر ہر قسم کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )طور خم بارڈر کو ہر قسم کی آمدو رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق طورخم بارڈرپرقسم کی آمدورفت بند کردی گئی ہے، امیگریشن این سی اوسی کی اگلی گائیڈ لائنز تک بند رہے گی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ طور ختم بارڈر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر بند کیا گیا ہے۔یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر طورخم امیگریشن مرکز ہر

طرح کی آمدورفت کے لیے اس وقت تک بند رہے گا جب تک این سی او سی کی طرح سے نئی ہدایات وزارت داخلہ کو موصول نہیں ہو جاتیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی طورخم بارڈر کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہر طرح کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔رواں برس مئی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کے تحت طورخم سرحدی گزرگاہ پر افغان شہریوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ اس ضمن میں ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر ارشد منصور نے کہا کہ این سی او سی فیصلے کے تحت طورخم سرحدی گزرگاہ کے لئے نئی ایس او پی مرتب کی گئی ہےجس کے تحت 5 مئی سے 20 مئی تک افغان شہریوں کو پاکستان داخل ہونے پر پابندی عائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے داخلے کے وقت کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا اور مثبت ٹیسٹ کے حامل مسافر کو 14 دن کے لئے آئیسولیٹ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ارشد منصور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود افغان شہریوں کو وطن واپسی کی اجازت ہوگی جبکہ ٹرانزٹ گاڑیوں کی آمدورفت معمول کے مطابق ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں