وزیراعظم عمران خان نےقومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت کیوں نہ کی؟وجہ سامنے آگئی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گذشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے ان کیمرا اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی عدم شرکت کی وجہ بتا دی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خا ن کا گزشتہ روز قومی سلامتی اجلاس میں آنے کا ارادہ تھا لیکن اپوزیشن لیڈر نے اسپیکرآفس کو پیغام دیا تھا کہ وزیر اعظم آئیں گے تو ہم بائیکاٹ کریں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا آٹھ گھنٹے طویل اجلاس ہوا تھا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو،

وفاقی وزرا اور چاروں وزرائے اعلیٰ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار سمیت دیگر قومی سلامتی اداروں کے سربراہان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا ان کیمرا اجلاس لگ بھگ آٹھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ اس اہم اجلاس میں افغانستان اور ملکی سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی، شرکا نے عید سے قبل دوبارہ اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔اجلاس کے شرکا کو مسئلہ کشمیر اور افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان بامعنی گفت وشنید کا آغاز ہوا، افغانستان میں امن جنوبی ایشیا میں استحکام کا باعث بنے گا۔شرکا کو دی گئی اس اہم بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کی سرزمین افغان تنازع میں استعمال نہیں ہو رہی، امید ہے کہ افغان سرزمین بھی پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔ افغان سرحد پر باڑ کا کام 90 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔ جبکہ سیاسی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی سفارشات بھی پیش کیں جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکا کے سوالات کی جواب بھی دئیے۔ یاد رہے کہ اس اہم اجلاس میں گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان شریک نہیں ہوئے تھے۔ گذشتہ روز اس حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس میں شریک نہ ہونا طے تھا لیکن وہ اجلاس کی بریفنگ سے آگاہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں