تاریخی بارش،پورا کراچی سمندر میں تبدیل، بجلی بند ، موبائل سگنل بھی غائب، کئی افراد جان کی بازی ہار گئے

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں 21اگست سے اب تک ہونے والی بارشوں سے پیش آنے والے مختلف حادثات میں29 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔شہریوں کے گھر ڈوب چکے ہیں اور اب تو بارش کے پانی نے پوش علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔کئی علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے،بجلی کی عدم فراہمی اور بارشوں سے شہر میں

موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔کچھ علاقوں میں موبائل سگنل آ رہے ہیں،کچھ میں نہیں جب کہ متعدد علاقوں میں تو بجلی 24 گھنٹوں سے بند ہے۔موبائل فون ٹاورز کو بجلی نہیں مل رہی،جنریٹر سے ایندھن ختم ہو چکا ہے۔بارش سے بعض ٹاورز کو نقصان پہنچا۔پانی نے سوئچ روم کو بھی متاثر کیا۔سیلاب کی وجہ سے زیر زمین فائبر آپٹک خراب ہونے سے موبائل سروس متاثر ہوئی ہے۔ پورے کراچی میں اس وقت صورتحال کنڑول سے باہر ہو چکی ہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی بارش میں مختلف مقامات پر 17 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد میں سات وہ افراد بھی شامل ہیں جو آسمانی بجلی گرنے سے زمیں بوس ہونے والی دیوار کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔ یہ سانحہ گلستان جوہر میں پیش آیا ہے۔ اسی سانحہ میں دو افراد زخمی ہیں جنہیں علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق جھیل پارک کے قریب دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے جب کہ فیروزآباد میں موٹرسائیکل سلپ ہونے سے نوجوان دم توڑ گیا ہے۔علاقہ پولیس نے بتایا ہے کہ جام صادق پل کے قریب سے ایک شخص کی نعش ملی ہے جب کہ گلشن معمار میں نوجوان کی ڈوبی ہوئی نعش ملی ہے۔ نامعلوم نوجوان کی عمر تقریباً 22 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق سکھن کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے جب کہ ڈیفنس میں بھی بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک شخص نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔شاہ فیصل کالونی میں 45 سالہ شخص پانی میں ڈوب کر جان کی بازی ہارا ہے جب کہ ٹیپوسلطان کے قریب پانی میں ڈوب کرخاتون جاں بحق ہوگئی ہیں۔

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ابراہیم حیدری میں چھت سے گرکرایک خاتون جاں بحق ہوئی ہیں جب کہ پاک کالونی میں بھی ایک شخص کی پانی میں ڈوبی ہوئی نعش ملی ہے۔ علاقہ پولیس کے مطابق رام سوامی میں چھت سے گر کر ایک شخص نے اپنی جان کی بازی ہاری ہے۔طوفانی بارشوں کے نتیجے میں جوہرموڑملینیم مال کے قریب ایک دیوار زمیں بوس ہوئی تو اس کے نتیجے میں 12 سالہ لڑکا جان کی بازی ہار گیا جب کہ قصبہ کالونی میں پانچ سالہ بچے نے داعی اجل کو لبیک کہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں