ایک اور ٹرین حادثہ، مسافر ٹرین گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی

ٹنڈو آدم (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبہ سندھ کے علاقے ٹنڈو آدم کے قریب ایل پی جی ٹینکر رحمان بابا ایکسپریس کی زد میں آگيا۔ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس خدا آباد ریلوے پھاٹک پر ایل پی جی ٹینکر سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سےاتر گئیں۔حکام کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کا انجن شدید متاثر ہوا ہے جبکہ ٹکر سے ایل پی جی ٹینکر ڈاؤن ٹریک پر گرگیا۔پولیس نے بتایا کہ ٹرین کو مسافروں سے خالی کرالیاگیا ہے۔دوسری جانب رحمان بابا ایکسپریس تین گھنٹے بعد بھی اپنی منزل روانہ

نہ ہوسکی جبکہ ڈاؤن ٹریک پر شاہ حسین ایکسپریس کو بھی ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن پر روک لیاگیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق کیمیکل ٹینکر کو ہٹانے کیلئے متعلقہ کمپنی کی ٹیم پہنچ رہی ہے۔بتایا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں اگر گیس ٹینکر پھٹ جاتا تو بڑے پیمانے پر تباہی مچ سکتی تھی، نقصان ہو سکتا تھا۔ اس حادثے نے ایک مرتبہ پھر ریلوے حکام کی غفلت عیاں کر دی۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی گھوٹکی میں ٹریک کی خستہ حالی کی وجہ سے 2 ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں، جس کی وجہ سے متعداد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں