اسلام نے عورت کو مکمل لباس پہننے کا حکم دیا،معروف عالم دین نے وزیراعظم کے بیان کی حمایت کردی

لاہور (نیوز ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے لباس سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان کی حمایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلام میں شرم وحیاء کو بہت مقام حاصل ہے،مرد اور عورت دونوں شرم و حیاء اختیار کر کے بڑی نیکیاں حاصل کر سکتے ہیں۔شرم وحیاء کے موضوع پر جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرم وحیاء کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا ،مختصر لباس کے خلاف وزیراعظم عمران خان کابیان نہایت قابل تحسین ہے،‘

شریعت اسلامیہ میں مختصرلباس کی ہر گز گنجا ئش نہیں ہے ، اسلام شرم وحیاء والا دین ہے، اسلام نے عورت کو مکمل لباس پہننے کا حکم دیاہے ،ایک طبقہ عورت کو بے لباس کرنا چاہتا ہے جو نہایت قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے بیان سے اسلام اور روایات مشرق کو تقویت حاصل ہوگی ۔ پوری قوم اورپورے ملک کے علماء کرام و مشائخ عظام نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ بے حیائی شیطانی عمل ہے اس لئے بے حیائی سے مکمل اجتناب ضروری ہے۔مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانا پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بر وقت اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف دیا ہے۔عوام ایس اور پیز کا مکمل دھیان کریں‘آخر میں ملکی سلامتی اور خوشحالی ترقی واستحکام کیلئے دعا کی گئی ۔واضح رہے کہو زیراعظم عمران خان نے حال ہی میں غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے بیان دیا تھا کہ عورت مختصر کپڑے پہنے گی تو مردوں پر اثر پڑے گا۔وزیراعظم عمران خان کے اس بیان پر انہیں اپوزیشن سمیت کئی خواتین نے بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے یہ بات کہہ کر ہماری دل آزاری کی ہے، انہوں نے جنسی ہوس کو خواتین کے کپڑوں سے منسوب کر دیا ہے جبکہ ملک میں کم سن بچیوں کے ساتھ بھی جنسی استحصال کے واقعات ہو رہے ہیں، ایسے میں کیا بچیاں بھی مختصر کپڑے پہنتی ہیں؟تاہم وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کبھی حجاب کا نہیں کہا، میں نے پردے کے تصور کی بات کی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں