بیٹی سے زیادتی کا مقدمہ درج کروانے کیلئے آنے والےباپ کو اے ایس آئی نے فرش دھونے پر لگادیا

قصور(نیوز ڈیسک) دنیا بدل گئی لیکن پنجاب پولیس کے کرتوت نہیں بدلے،پولیس افسر نے بیٹی سے زیادتی کا مقدمہ درج کروانے کے لیے تھانے آئے باپ کو صفائی پر لگا دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے بلند و بانگ دعووں کے باوجود ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی پولیس کے کرتوت نہیں بدلے۔ حکومت بار بار پولیس کے نظام میں اصلاحات لانے کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن آئے روز پنجاب پولیس کی جانب سے عوام کی تذلیل کیے جانے کا کوئی نہ کوئی واقعہ سامنے آتا رہتا ہے۔اب پنجاب کے ضلع قصور میں پیش آئے ایک واقعے کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے عوام کو شدید

غم و غصے میں مبتلا کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قصور میں پولیس افسر کی جانب سے شکایت لے کر آنے والے شہری کے ساتھ افسوسناک رویہ اپنایا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ چند روز قبل قصور کی رہائشی 16لڑکی کو اغوا کر کے زیادتی کیا نشانہ بنایا گیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ تھانہ منڈی عثمان والہ میں درج ہے۔جہاں ملزمان کی گرفتاری کے لیے لڑکی کا باپ مسلسل چکر لگاتا رہا۔تفتیشی افسر اے ایس آئی عرفان کو بھاری رشوت بھی کھلا چکا ہے تاہم ان کی شکایت پر مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔بیٹی کے لیے انصاف مانگنے آنے والے باپ کو عرفان نے تھانے میں اپنے کمرے کے فرش کو دھونے پر لگا دیا۔مجبور باپ پولیس افسر کو خوش کرنے کے لیے صفائی پر لگ گیا۔تاہم اس واقعے کی ویڈیو بن گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ویڈیو سامنے آنے پر ڈی پی او قصور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس ائی عرفان کو معطل کر دیا ہے اور انکوائری کا حکم جاری کیا ہے۔اس سے قبل قصور میں پولیس اہلکاروں نے گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ اس واقعے میں قصور پولیس کا سب انسپکٹر جمیل خان ملوث تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں