پی ٹی آئی کے سینئررہنما ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل

کراچی (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی نے حکمراں جماعت کی بڑی وکٹ گرا لی، تحریک انصاف کے سینئر رہنما کا ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرا لی ہے، تحریک انصاف کے مقامی رہنما سردار عزیز 50 ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے انہیں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر سردار عزیز نے کہا کہ بے حس اور نکمے لوگوں نے کراچی میں پی ٹی آئی کو تباہ کردیا۔سعید غنی بولے کہ ان ساتھیوں کے توسط سے مزید سیاسی کارکنوں تک پہنچیں گے، جن علاقوں سے ایم کیو ایم کو 80 ہزار ووٹ

ملتے تھے آج 5 ہزار ووٹ ملے۔سعید غنی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہم نے پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، ایم کیو ایم کو اپنی ذلت پر غور کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پیپلز پارٹی نے ن لیگ کی بھی بڑی وکٹیں گرا لی تھیں۔ چند روز قبل سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے نواز شریف اور ان کی بیٹی کو بہت عزت دی، لیکن ان کی فطرت میں وفا کرنا نہیں۔منگل کو کوئٹہ میں نواب ثنااللہ زہری کے سیاسی و قبائلی ہم خیال رفقا کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سابق گورنر بلوچستان عبدالقادر بلوچ اور دیگر سیاسی قبائلی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سابق وزیر اعلیٰ ثنا زہری اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔نواب ثنا اللہ زہری، جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور رفقا نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ فیصلہ کیا، باقاعدہ شمولیت کا اعلان آئندہ چند روز میں مرکزی قیادت کے ساتھ کنونشن میں کیا جائے گا۔اجلاس میں عبدالقادر بلوچ نے مختلف سیاسی جماعتوں میں شمولیت سے متعلق شرکا سے رائے طلب کی، ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ لوگ ڈرائنگ روم میں فیصلے کرتے ہیں، ہم عوامی لوگ ہیں اپنے لوگوں کو اہمیت دیتے ہیں اور مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔ثنا اللہ زہری نے کہا میں پی پی شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے دعوت دیے جانے پر مشکور ہوں۔انھوں نے نواز شریف پر شدید تنقید کی، اور انھیں فطرتاً دھوکے باز قرار دیا، کہا نواز شریف نے ہمیں دھوکا دیا، ہم نے نواز شریف اور ان کی بیٹی کو بہت عزت دی اور چھوڑا نہیں، لیکن نواز شریف کی فطرت میں وفا کرنا نہیں ہے، ہم پیپلز پارٹی سے اسی دن سے رابطے میں تھے، امید ہے کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو عزت دیں گے۔نواب ثنا اللہ زہری نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہم اپنی جماعت بنانے کا سوچ رہے تھے، اور ہم اپنی سیاسی جماعت بنانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں