شدید گرمی کے باعث پرائمری اورمڈل اسکولزتاحکم ثانی بند رکھنے کا فیصلہ

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخواہ میں شدید گرمی کے باعث پرائمری اور مڈل ا سکولز کو بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ تعلیم نے اس ضمن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ گرم علاقوں میں پرائمری اور مڈل سکول تاحکم ثانی بند رہیں گے۔ جماعت نہم سے 12 ویں کے لیے اسکول کے اوقات صبح 7 سے 10 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔جہاں درجہ حرارت کم ہو گا ان علاقوں میں اسکول اوقات معمول کے مطابق ہوں گے۔ صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق گریڈ 9 سے 12 کو صرف وہ مضامین پڑھائے جائیں گے جن کا امتحان لیا جائے گا۔

قبل ازیں گرم علاقوں میں واقع پرائمری اسکولز کو صبح 7 بجے سے لے کر صبح 11 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ملک بھر میں جاری غیر معمولی گرمی کی وجہ سے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے بھی اوقات کار کم کر دیے گئے ہیں۔تعلیمی ادارے سوموار سے جمعرات تک صبح 7 سے دن 11 بجے تک کھلیں گے جب کہ ایوننگ شفٹ والے تعلیمی ادارے جمعہ اور ہفتے کو کھلیں گے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق تعلیمی ادارے ایک گھنٹہ جلد کھولے جائیں گے اور 11 بجے تک تعلیمی سرگرمیاں رہیں گی۔ تعلیمی اداروں کو 50 فیصد بچے بلانے کی اجازت ہو گی۔ اس سے قبل تعلیمی اداروں کے اوقات کارصبح 8 سےدوپہر 1 بجے تک تھے۔دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے اور اسکولوں میں بچوں کے بے ہوش ہونے کے واقعات کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری ونجی اسکولوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کیے گئے تھے۔ نئے اوقات کار کے مطابق اسکول صبح سات بجے لگیں گے اور ساڑھے گیارہ بجے چھٹی ہوگی۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں پنجاب بھر کے تمام اسکولوں کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں