سندھ میں کرپشن اور لوٹ مار، جمیعت علمائے اسلام (ف) کا پیپلز پارٹی کے خلاف تحریک چلانے کا فیصلہ

کراچی (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما راشدسومرو نے کہا کہ تحریک کا رُخ وفاق کے ساتھ سندھ حکومت ‏کی طرف موڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نا اہل ہے، سندھ میں کرپشن، لوٹ مار، تعلیم کی ‏تباہی کے خلاف احتجاج ہو گا، پانی کی چوری سندھ کی زمینوں کو بیچنے کا معاملہ احتجاج میں ‏اُٹھائیں گے۔راشدسومرو نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف تحریک 4 مرحلوں پرمشتمل ہوگی، سندھ بھر میں ‏‏17جون کو پیپلز پارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے،

کراچی میں 29 جولائی کوسندھ ‏حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کا جلسہ ہو گا۔راشد سومرو نے کہا کہ گھوٹکی تا کراچی وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب لانگ مارچ ہو گا اور عوامی ‏سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ موجودہ حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے نام سے ایک اتحاد تشکیل دیا تھا جس کا مقصد حکومت کو ہر ممکن حد تک ٹف ٹائم دینا اور حکومت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنا تھا لیکن جب سے پاکستان پیپلز پارٹی اور اے این پی نے پی ڈی ایم سے علیحدگی اختیار کی ہے تب سے مسلم لیگ ن کی موجودگی کے باوجود بھی پی ڈی ایم اپنی دھاک نہیں بٹھا سکی ، یہی وجہ ہے کہ پی ڈی ایم کے غیر مؤثر اور تقریباً ناکام ہونے کی وجہ سے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف تحریک چلانے والی پی ڈی ایم بڑی سیاسی جماعتوں کی اپنی حکمت عملی اور سیاسی روڈ مپ کے باعث غیر مؤثر ہوکررہ گئی ہے ۔ تاہم پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف تحریک ناکام ہونے پر اب جمیعت علمائے اسلام نے پیپلز پارٹی کے خلاف تحریک چلانے اور مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں