پنجاب میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے، وزیر تعلیم مراد راس نے اہم اعلان کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پنجاب میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے ہیں،تعلیمی اداروں میں سرگرمیوں کی آغاز صبح 7 بجے ہو گا۔تفصیلات کے مطابق گرمی کی شدید لہر کے باعث وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے بعد پنجاب میں اسکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔اس حوالے سے پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے نئے اوقات کار سے متعلق اعلان کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے نئے اوقات کار پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے صبح 7 بجے سے 11.30 تک کھلیں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد کے علاقہ بارہ کہو میں ملپور میں بجلی بند ہونے کی وجہ سے سخت گرمی کا شکار 25 بچے بے ہوش گئے۔اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ آئیسکو کو متعدد مرتبہ شکایات کی گئیں لیکن شکایات کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔سخت گرمی کے باعث کئی بچوں کی نکسیر بھی پھوٹ گئی۔ اسکول انتظامیہ نے بتایا کہ بچوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ جبکہ دو روز قبل لاہور کے اسکولوں میں بھی ایسے ہی واقعات دیکھنے میں آئے۔ گرمی کی شدت کے باعث اسکولوں میں بچے نڈھال ہو گئے تھے ۔ اسکولوں میں سخت گرمی کے باعث بچوں کے بے ہوشی اور طبیعت خراب ہونے کے واقعات کے بعد والدین نے مطالبہ کر رکھا ہے کہ بچوں کو نئی کتب اور ہوم ورک دیتے ہوئے موسم گرما کی تعطیلات کر دی جائیں۔والدین کا کہنا ہے کہ کلاس رومز میں لگے پنکھے بھی گرم ہوا پھینکتے ہیں۔ آن لائن ایجوکیشن کا سلسلہ جاری رکھ کر بچوں کو گرمی سے بچایا جائے ۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں آج بھی شدید گرمی کا راج ہے ، وفاقی دارالحکومت کا درجہ حرارت چالیس سے بھی بڑھ گیا ہے۔ ملک میں بجلی کا بحران شدید ہوگیا ہے جس کے باعث شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کئی کئی گھنٹوں تک جا پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں