’ رائیونڈ کے وزیراعظم کو رعایت‘ ن لیگ کا بلاول بھٹو کے بیان پر دلچسپ ردعمل

لاہور (نیوز ڈیسک)گذشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود بیرون ملک بھیج دیا جاتا ہے ، رائیونڈ کے وزیراعظم لندن میں بیٹھے ہیں ، یہ کس قسم کا احتساب کا نظام ہے، یہ کیا مذاق ہے ۔بلاول بھٹو کے بیان پر ہی ردِعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ہمارا ہدف پیپلز پارٹی نہیں حکومت اور پی ٹی آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو ملنے والی رعایت میں بلاول بھٹو کا بھی کردار ہیں،انہوں نے نواز شریف کو رعایت ملنے میں کردار ادا کیا۔رائیونڈ کا نہ تو صدر ہوتا ہے اور نہ وزیراعظم ہوتا ہے۔

وزیراعظم تو پاکستان کا ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے بیان کا تعلق ن لیگ سے نہیں بلکہ عدالتی نظام سے ہے۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی طرف اشارہ کیا۔جس طرح سے نواز شریف کو رعایت ملی اور وہ باہر چلے گئے ایسی رعایت ہمیں نہیں ملی۔واضح رہے کہ گذشتہ روز بلالو بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہ رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود بیرون ملک بھیجا جاتا ہے، وزیراعظم کے دوستوں پر الزام لگے تو وہ جیل نہیں جاتے, آپ عوام کے نشانے پر ہیں، قائد حزب اختلاف پنجاب سے ہو تو ضمانت مل جاتی ہے ، قائد حزب اختلاف سندھ سے ہو تو جیل میں ہوتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کا احساس ہی نہیں ہے، وزیراعظم کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں، حکومت پاکستان کو عام آدمی کا پتہ ہی نہیں ہے، عام پاکستانی دکھ اور مشکلات سے گزر رہا ہے، غربت اور بے روزگاری تاریخ کی انتہا کو پہنچ چکی ہے ، وزیراعظم ، وزرا، ترجمان معیشت پر بیان بازی کر رہے ہیں، ہمارے وزیراعظم ترقی کا ڈھول پیٹ رہے ہیں، جس وزیراعظم نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑے وہ کہتے ہیں ملک ترقی کر رہا ہے، کہتے ہیں جی ڈی پی میں اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں