وزیراعظم سے کورونا فنڈز کا حساب مانگ لیا گیا

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے آئی ایم ایف سے حاصل ہونے والے امدادی فنڈ کا حساب مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے کورونا سے بچاؤکے عالمی اداروں کے فنڈزکا حساب مانگتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے پاکستان کو سواارب ڈالرز دیے تھے۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی وہ امداد کہاں خرچ ہوئی؟ ایشین ڈیویلپمنٹ بینک نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیڑھ ارب ڈالر امداد دی،

بتایا جائے کہ یہ فنڈز کن منصوبوں پرلگایا گیا۔چئیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں کہ ورلڈ بینک کے200 ملین ڈالرز کہاں خرچ کردیے؟ وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں پاکستانیوں نے اربوں روپے جمع کروائے، ان فنڈزکو کہاں خرچ کیا گیا؟ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم نے گھپلوں کو چُھپانے کے لیے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کوروکا ہوا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ کھربوں روپے کے مالیاتی پیکج میں گھپلوں پرقوم عمران خان کو معاف نہیں کرے گی، پی ٹی آئی حکومت فی الفور آڈٹ رپورٹ کا اجرا کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بدترین بحرانوں کےدوران پی ٹی آئی کےکرپشن اسکینڈل لمحہ فکریہ ہیں جبکہ معیشت کی تباہی کی وجہ عمران خان کی سرپرستی میں مافیاکی کرپشن بھی ہے۔ یاد رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی کورونا وائرس نے کافی تباہی مچائی، ایسے میں ملکی معیشت کو بھی جھٹکا لگا، کورونا سے بچاؤ کے لیے اقدامات کرنے میں آئی ایم ایف نے پاکستان کو امدادی فنڈ بھی جاری کیا تھا۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کی خاطر عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے لیے تقریباً 1.4 بلین ڈالر کا ہنگامی قرضہ منظور کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں