آٹھویں جماعت کے طالب علم موٹرسائیکل چوری کرنے کے ماہر نکلے،چوری کی ویڈیو وائرل

کراچی(نیوز ڈیسک) شہر قائد میں پولیس نے 2 کم سن موٹرسائیکل چوروں کو پکڑ لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے فیروزآباد میں پولیس نے 2 کم سن موٹرسائیکل لفٹرز کو حراسے میں لیا ہے ، جن کی عمریں 14 سال ہیں اور وہ آٹھویں جماعت کے طالب علم ہیں ، ایک بچے کو دھوراجی جب کہ دوسرے کو بہادرآباد میں چار مینار کے قریب سے حراست میں لیا گیا ، دونوں بچے کراچی کے معروف نجی اسکول میں پڑھتے ہیں، جب کہ حراست میں لیا گیا ایک بچہ عبدالرافع تو اپنے اسکول کا ہیڈ بوائے بھی ہے۔بتایا گیا ہے کہ عبدالرافع کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حراست میں لیا گیا ، فوٹیج میں بچے کو مہارت سے موٹر سائیکل چراتے دیکھا جا سکتا ہے ، بچے بہادرآباد اور

دھوراجی سے 6 موٹرسائیکلیں چوری کر چکے ہیں ، بچوں کی نشاندہی پر پولیس نے 2 موٹرسائیکلیں برآمد کرلی، دونوں موٹرسائیکلوں کی چوری کے مقدمات درج تھے ، عبدالرافع موٹرسائیکل چوری کرتا اور سدیف جی بھر کر چلاتا تھا ، دونوں بچے موٹرسائیکل استعمال کے بعد چھوڑ دیتے تھے۔رپورٹ کے مطابق پولیس نے بچوں کو حراست میں لینے کے بعد والدین کو طلب کرلیا اور اعلیٰ حکام سے مشاورت کے بعد بچوں کے مستقبل کے لیے ایک موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ، یہ فیصلہ بچوں کے والدین اور اہل علاقہ سے ملنے کے بعد کیا گیا جب کہ بچوں کے اسکول اور دیگرطریقہ کار سے بھی ان کی ساکھ معلوم کی گئی ، جس کے بعد دونوں بچوں کوقانونی چارہ جوئی کے بعد والدین کے حوالے کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں