ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے آزاد کشمیر الیکشن میں شکست دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،سردار تنویز الیاس خان

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی مرکزی رہنما تحریک انصاف آزاد کشمیر و نامزد امیدوار حلقہ وسطی باغ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے آزاد کشمیر الیکشن میں شکست دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی ناقابل تسخیر قوت بن چکی ہے، الیکشن میں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا صفایا کردیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں مرکزی سیکرٹریٹ میں آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوے کیا، سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان الیکشن کی تیاری کریں اور عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، آزاد کشمیر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی ن لیگ کا

صفایا کر دیں گے اب آزاد کشمیر میں صرف بلے کا راج چلے گا، پیپلزپارٹی ن لیگ نے آزاد کشمیر میں کرپشن اقرباء پروری کو فروغ دیا، پی ٹی آئی حکومت بنانے کے بعد بلا تفریق احتساب کرے گی، کرپٹ عناصر سے پائی پائی کا حساب لیں گے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حکمرانوں نے بجٹ کا آدھا حصہ بھی عوام پر خرچ کیا ہوتا تو آج آزاد کشمیر دنیا کے لیے مثالی خطہ بن جاتا، آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے مکمل منصوبہ بندی کرلی ہے آنے والے سالوں میں ایک بدلہ ہوا آزاد کشمیر نظر آئے گا، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں مضبوط قوت بن چکی ہے، معروف سیاسی خاندانوں، ارکان اسمبلی اور وزراء کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد مخالفین ہواس باختہ ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں