عمران خان الٹے لٹک کربھی آجائیں تو بھی آزاد کشمیر صوبہ نہیں بن سکتا، وزیراعظم آزادکشمیر

مظفر آباد(نیوز ڈیسک) عمران خان الٹے لٹک کربھی آجائیں تو بھی آزاد کشمیر صوبہ نہیں بن سکتا، عمران خان الیکشن میں مداخلت کریں گے تو ہم بھی لحاظ ختم کردیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا تحریک انصاف پر مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا الزام۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت آزادکشمیر کے انتخابات میں مرضی کے نتائج حاصل کرنا چاہتی ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھاکہ عمران خان بطور وزیراعظم الیکشن میں مداخلت کریں گے تو ہم لحاظ ختم کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان الٹے لٹک کربھی آجائیں تو بھی آزاد کشمیر صوبہ نہیں بن سکتا۔راجا فاروق حیدر کا کہنا تھاکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے آزادکشمیر کے الیکشن ملتوی کرنے کا خط لکھا، این سی او سی نے کہا کہ 2 ماہ کیلئے انتخابات ملتوی کردیں لیکن الیکشن صرف اسی صورت ملتوی ہوسکتے ہیں جب بیرونی جارحیت ہو۔ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے خط آزاد کشمیر کے ووٹرز کی توہین ہیں، یہ اختیار آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کو حاصل ہے، حکومت گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر کے الیکشن ملتوی کرانا چاہتی ہے تاکہ مسلم لیگ ن میں توڑ پھوڑ کی جائے تاہم یہ طریقہ آزاد کشمیر میں سیاسی کشیدگی پیدا کرے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان آزادکشمیرکے انتخابات کے قوانین سے باخبر ہی نہیں، آزاد کشمیر کا اپنا الیکشن کمیشن ہے جس میں پاکستان کا کوئی دخل نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں آزادکشمیر میں کرپٹ حکومت کا خاتمہ کریں گے، میرا ایک وزیرآدھا گھنٹہ پہلےتک کرپٹ تھا، پھر وزیراعظم نے ان کے گلے میں پٹا ڈالا، جو وزراء کل شامل ہوئے انہوں نے مسلم لیگ ن اورنوازشریف سے وفاداری کاحلف اٹھایا، حلف اپنی مرضی سے سب نے اٹھایا، کسی کومجبور نہیں کیاگیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیراسمبلی کے انتخابات کے لیے امیدواورں کے ناموں کی منظوری دے دی جس کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر اسمبلی کے الیکشن کے لیے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد

چوہدری نے بتایا ہے کہ کچھ نشستوں پر امیدواروں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جب کہ ایل اے 1 سے اظہر صادق ، ایل اے 2 سے ظفر انور، اور ایل اے 3 سے بیرسٹر سلطان محمود پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے ، جب کہ ایل اے 4 سے چوہدری ارشد ، ایل اے6 سے علی شان سونی ، ایل اے7 سے چوہدری انوار الحق ، ایل اے 8 سے ظفراقبال ملک ، ایل اے11 چوہدری محمد اخلاق اور ایل اے12 سے شوکت فرید کو ٹکٹ جاری کیا گیا ، اس کے علاوہ ایل اے 14 سے میجرریٹائرڈ لطیف خلیق اور ایل اے15 سے سردار تنویر الیاس ، ایل اے 18 سےسردار قیوم نیازی، ایل اے 19سے

سردارارزش سدوزئی ، ایل اے 22 سے سردار صغیر چغتائی، ایل اے24 سے فہیم اختر ربانی اور ایل اے25 سےسردار گل خندان کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اسمبلی کے حلقہ ایل اے 26 سے میاں شفیق ، ایل اے27 سے سردار تبارک علی ، ایل اے 28 سے چوہدری شہزاد ، ایل اے 29 سے خواجہ فاروق احمد ، ایل اے سے 30 محمد راشد اور ایل اے 31 سے راجہ منصور خان کو ٹکٹ دیا گیا ہے ، ایل اے 33 سے دیوان علی خان چغتائی ، ایل اے 34 سے ریاض احمد ، ایل اے35 سے مقبول احمد ، ایل اے 36 سے حافظ حامد رضا ، ایل اے 37 سے محمد اکمل سرگالہ ، ایل اے 38 سے اکبر چوہدری پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے۔فہرست کے مطابق ایل اے 39 سے نازیہ نیاز ، ایل اے سے 40 سلیم بٹ ، ایل اے41 سے غلام محی الدین دیوان ، ایل اے سے 42 عاصم شریف ، ایل اے سے 43 جاوید بٹ جب کہ ایل اے 45 سے عبدالماجد خان کو ٹکٹ دیا گیا ہے تاہم ایل اے 5 ، ایل اے9 ، ایل اے 10 ، ایل اے 13 ، ایل اے 16 ، ایل اے 17 ، ایل اے 20 ، ایل اے 21 ، ایل اے 23 ، ایل اے 32 اور ایل اے 44 سے ابھی ٹکٹ جاری نہیں کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں