طلباء کیلئے بڑی خبر،حکومت نے 10ویں اور 12ویں جماعت کی کلاسز سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا

لاہور(نیوز ڈیسک )حکومت کا پنجاب کے تمام اضلاع میں 10 ویں اور 12 ویں جماعت کی کلاسز شروع کرنے کا اعلان، 50 فیصد طالب علم ایک دن جبکہ 50 فیصد دوسرے دن سکول آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں 10 ویں اور 12 ویں جماعت کی کلاسز کا آغاز کل (31 مئی 2021 )سے کر رہے ہیں۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ 50 فیصد طالب علم ایک دن جبکہ باقی ماندہ 50 فیصد طالب علم متبادل دن سکول آئیں گے۔ انہوں نے ٹویٹ میں مزید لکھا

کہ 7جون 2021 تک کسی اور جماعت کو تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کی اجازت نہیں دیں گے۔واضح رہے کہ اپنے ایک گزشتہ ٹویٹ میں وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے اعلان کیاتھا کہ پنجاب بھر میں 7 جون سے مرحلہ وارنجی وسرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ سکول کھلنے پر لاہور سمیت تمام اضلاع میں 50 فیصد حاضری پر عملدرآمد ہوگا،حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب میں سات جون سے مرحلہ وارنجی وسرکاری سکول کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔20اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے بارے این سی اوسی اجلاس میں مشاورت ہوئی، تعلیمی ادارے کھلنے پر لاہور سمیت باقی ماندہ اضلاع میں 50 فیصد حاضری پر عملدرآمد کیا جائے گا۔حکومتی ایس اوپیز پر عملدرآمد کیا جائے۔اس سے قبل 24 مئی بروز پیر سے پنجاب بھر میں مختلف 16اضلاع میں نجی و سرکاری سکول کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔سکولوں کو ہفتے میں چار روز کیلئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولا جاسکے گا۔ جن اضلاع میں سکول کھولے گئے ان میں چکوال، جہلم ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور، بہاولنگر، ساہیوال، شیخوپورہ، چنیوٹ، جھنگ، قصور، پاکپتن اور وہاڑی شامل ہیں۔مزید برآں گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزراء تعلیم کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت تمام وزراء تعلیم اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔بین الصوبائی وزراء تعلیم نے ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کیلئے ٓپشنز کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں نیشنل ایجوکیشن اسیسمنٹ فریم ورک کو بھی صوبوں کے ساتھ شیئر کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں سال کسی جماعت کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔ ایس اوپیز کے تحت ہر صورت امتحانات لیے جائیں گے۔ تمام کلاسز کے امتحانات 20 جون کے بعد شروع کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں