جہانگیر ترین کو کلین چٹ دیے جانے کی خبریں، سینیٹر علی ظفر نے حقیقت بتادی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر علی ظفر نے چینی اسکینڈل کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین سے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کی جانے والی تحقیقات کے حوالے سے وضاحت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ کچھ لوگ میری رپورٹ سے متعلق قیاس آرائیوں میں مصروف ہیں ، واضح کر دوں کہ میری جانب سے کوئی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی ، سفارشات تحریک انصاف کو اندرونی طور پر جمع ہوں گی۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ میری رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ، میری رپورٹ کا زیر التوا شوگر تحقیقات اور تفتیش سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے ،

مجھے صرف جہانگیر ترین کی شکایات اور تحفظات پر تحقیقات کا کہا گیا تھا ، رپورٹ مکمل ہوتے ہی اپنی سفارشات وزیراعظم کو جمع کراؤں گا ، تاہم وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے تحت بدعنوانوں کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔بتاتے چلیں کہ جہانگیر ترین گروپ کے رہنما راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ علی ظفر نے اپنی رپورٹ میں جہانگیر ترین کو بے گناہ قرار دے دیا ، اللہ کا شکر ہے علی ظفر نے اپنی رپورٹ دے دی ہے کہ جہانگیر ترین بالکل بے گناہ ہیں ان کا کسی قسم کی لین دین میں کوئی تعلق نہیں ہے، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کے پاس پہنچ گئی ہے ، اس رپورٹ کو وزیراعظم کے علم میں لایا جا چکا ہے، یہ ہماری فتح ہے ہم سرخرو ہوگئے ہیں کیوں کہ ہمارے گروپ کا مؤقف کامیاب ہوا ہے ، گذشتہ روز رپورٹ آنے کے بعد پہلی میٹنگ ہوئی جس میں تمام ممبران کو خوشخبری دی گئی تھی کہ رپورٹ میں جہانگیر ترین کلیئر ہوگئے ہیں، جہانگیر ترین پر کسی قسم کا ہیرپھیر یا شوگر کے حوالے سے کوئی چیز ان کے خلاف سامنے نہیں آئی۔انہوں نے بتایا کہ بیرسٹر علی ظفر کی جہانگیر ترین سے متعلق اس رپورٹ پر سب نے خوشی کا اظہار کیا کہ ہم سب سرخرو ہوگئے ، ہم عدالتوں میں بھی جائیں گے اور لوگ دیکھیں گے کہ عدالتوں میں ایف آئی اے کو شرمندگی ہوگی اور اسے پیچھے ہٹنا پڑے گا، اس کا نیچرل فائدہ ہمیں ہوگا، ہم اخلاقی طور پر فتح حاصل کرچکے ہیں، جہانگیر ترین کے خلاف جو لوگ سازش کررہے تھے وہ اب شرمندہ ہیں۔

راجہ ریاض نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے نیوٹرل امپائر دیا، علی ظفر نے بہت محنت کی اور کئی گھنٹوں میٹنگز کیں، اب ایف آئی اے کی کچھ کرنے کی پوزیشن نہیں ہے، ہم کہتے تھے یہ بوگس کیس ہے اس بات پر مہر لگ گئی ہے، یہ نیوٹرل امپائر نے مہر لگائی یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے، جو لوگ کہتے تھے ہم بلیک میلر ہیں ان کے منہ پر طمانچہ لگا ہے، یہ ایسا طمانچہ لگا ہے کہ انہیں شرمندہ ہوکر مستعفی ہونا چاہئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں