ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، بجٹ سے قبل ہی تنخواہوں میں ہزاروں روپے اضافہ کردیا گیا

پشاور (نیوز ڈیسک) بجٹ سے قبل ہی ملازمین کو تنخواہوں میں چار ہزار روپے کے اضافے کی خوشخبری مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواحکومت نےڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ میں اضافے کی منظوری دے دی ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تنخواہ میں اضافے کی منظوری دی۔ منظوری کے بعد ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں 4 ہزارروپے تک کا اضافہ کیا گیا اور تنخواہ 17 ہزار سے بڑھا کر21 ہزارکردی گئی ہے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے کہا کہ معاشرے کے کمزورطبقوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم عمران کے فلاحی ریاست کے وژن کی تکمیل کے لئے پرعزم ہیں۔

محمود خان نے کہا کہ کمزورطبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے، مشکل صورتحال کے باوجود اگلے بجٹ میں معاشرے کے کمزورطبقوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ملازمین کی ‏مشکلات کے پیش نظر تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا تھا کہ اسپیشل الاؤنس کی مد میں 10 سے 15 ‏فیصد اضافے کی تجویز پیش کی گئی جسے وزیراعلی عثمان بزدار نے مسترد کرتے ہوئے %25 ‏سپیشل الاؤنس کی منظوری دی۔ دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کا بجٹ 11 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔حکومت نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے پر غور شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں صوبوں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے لیے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت پنجاب نے تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کی مشروط حمایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں