وزیراعظم عمران خان کی عمرہ ادائیگی کے دوران کشمیر،فلسطین اور پاکستان کی خیرخواہی اور ترقی کیلئے دعائیں ، ویڈیو وائرل

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی عمرہ ادائیگی کے دوران دعا مانگنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق اس ویڈیو میں وہ اپنی اہلیہ اور وزرا کے ہمراہ کشمیر، فلسطین اور پاکستان کی خیرخواہی اور ترقی کے لیے دعا مانگ رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معاون خصوصی وزیراعظم مولانا طاہر اشرفی خصوصی دعا کروا رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی ، معاون خصوصی شہباز گل ،وفاقی وزیر ملک امین اسلم اور صوبائی وزیر علیم خان سمیت دیگر موجود ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا کامیاب دورہ کر کے گذشتہ روز وطن واپس پہنچے۔

سعودی عرب کے دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی اور بیت اللہ میں نوافل ادا کیے۔ وزیر اعظم کے لیے خانہ کعبہ کے دروازے خصوصی طور پرکھولے گئے جہاں انہوں نے نوافل ادا کرنے کے علاوہ امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔بیت اللہ کے دروازے کھول کر وزیراعظم عمران خان کو زیارتِ خاص کروائی گئی جہاں انہوں نے نوافل بھی ادا کیے۔ اس کے علاوہ مسجد نبویؐ میں رہتے ہوئے وزیر اعظم کو خصوصی طورپر روضہ رسولؐ کی زیارت کا شرف حاصل ہوا جسے الحجرت النبویات الشریفہ بھی کہا جاتا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات ہوئی۔وزیر اعظم نے او آئی سی کی جانب سے اسلامو فوبیا کے خلاف ٹھوس ردعمل پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا کو مسلمانوں کی حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ محبت اور عقیدت کے حوالے سے بتانا ہو گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان سے امام کعبہ الشیخ عبد الرحمن السدیس کی ملاقات بھی ہوئی ۔ امام کعبہ نے بین المذاہب کے فروغ کیلئے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کی اور کامیاب دورے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے امام کعبہ اورعلماکرام کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے امام کعبہ نے قبول کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں