بھارت سے آنے والے طیارے کی پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت سے آنے والے طیارے کی پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے آنے والے طیارے نے پاکستان میں ایمرجنسی لینڈنگ کی۔نئی دہلی سے آنے والے طیارے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے نے فیول کیلئے اسلام آبادایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق طیارہ کینڈین ائیر فورس کا ہے، کینڈین ائیر فورس کا طیارہ نیو دہلی سے آیا، طیارہ ری فیولنگ کے بعد بحرین روانہ ہوگا ۔ذرائع کے مطابق بھارت سے روانہ ہونے سے قبل طیارے نے فیول نہیں بھروایا تھا، جس کی وجہ سے طیارے کو اسلام آباد میں ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی۔ پاکستان سول ایوی ایشن کے ذرائع کے مطابق دہلی سے آنے والے کینیڈین ائیر فورس کے طیارے کے کپتان نے

ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے فیول ختم ہونے کے بارے میں بتایا اور جہاز کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتارنے کی اجازت مانگی۔سول ایوی ایشن کے حکام نے انہیں طیارہ اتارنے کی اجازت دے دی جس کے بعد طیارے کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کروایا گیا اور جہاز کے کپتان کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے جہاز میں فیول بھر دیا گیا۔ خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب پاکستان نے ہندوستان کے کسی طیارے کو ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دی ہے۔گزشتہ برس نومبر میں بھی سعودی عرب سے بھارت کے دارالحکومت دہلی جانے والے پرائیوٹ ایئر لائن کمپنی گو ایئر کے ایک طیارے کو کراچی میں ہنگامی طورپر اترنے کی اجازت دی گئی تھی۔ لیکن طیارے پر سوار مسافر دل کا دورہ پڑنے سے پہلے ہی انتقال کر چُکا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں