بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کتنا اضافہ کردیا گیا؟ہوشربا تفصیلات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) بجلی کی قیمت 90 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ، جس کے تحت عوام پر 90 ارب روپے کا مزید بوجھ ڈالا گیا ہے ، اضافہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ، مالی سال 2020-21 کی پہلی اور دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے نیپرا کو 91 ارب 36 کروڑ روپے کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی درخواستیں دی تھیں ، نیپرا اتھارٹی کی طرف سے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد 90 ارب 3 کروڑ 67 لاکھ روپے کی

منظوری دے دی گئی ، نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا ، مذکورہ اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹی فکیشن کے بعد ہوگا۔اسی حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے عمران خان کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور پی ٹی آئی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا ، عمران خان نے آئی ایم ایف کی ہدایات پر پاکستانی معیشت کو چلاکر ملکی وقار کو ملیامیٹ کردیا ، پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کے خلاف ڈی چوک پر دھرنے دلوا کر عوام کو بجلی کے مہنگے بل بھرنے کیلئے بینکوں کی قطار میں کھڑا کروادیا ، وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس کے بل مہنگا کرنے کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں ، مہنگی بجلی کے صدارتی آرڈیننس اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد عمران خان عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں ، پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں