جامع مساجد میں عید کی نماز ادا کرنےپر پابندی عائد

مسقط(نیوز ڈیسک) خلیجی ریاست میں مقیم مسلمان کمیونٹی کے لیے ایک بُری خبر یہ ہے کہ عمانی حکومت نے اس بار بھی عید الفطر کے اجتماعات پر پابندی کا اعلان کر دیا ہے۔ عمان کی سپریم کمیٹی کے مطابق اس بار بھی عیدگاہوں اور جامع مساجد میں عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سپریم کمیٹی کی جانب سے ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق عید کے اجتماعات پر پابندی کا مقصد کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا پر قابو پانا ہے۔اس فیصلے کے تحت مملکت بھر میں کسی بھی مقام پر عید کی باجماعت نماز کی اجازت نہیں ہو گی۔ جبکہ دوسرے فیصلے کے تحت عمان میں کورونا

وبا پر قابو پانے کے لیے 8 تا 15مئی شام 7 سے صبح 4 بجے تک آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام نے بتایاکہ8 سے 15مئی تک دن کے اوقات میں تجارتی سرگرمی پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔8مئی بروز ہفتے سے اگلے ہفتے کے روز یعنی 15 مئی تک تمام کاروبار بند رہیں گے۔البتہ کھانے پینے کا سامان فروخت کرنے والی دُکانیں، پٹرول پمپس اور میڈیکل اسٹورز کو24 گھنٹے کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔ اس پابندی کے دنوں میں شام 7 بجے سے صبح 4 بجے تک کرفیو ہو گا، جس کے دوران گاڑیوں اور لوگوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی۔ تاہم سرکاری ذمہ داریاں نبھانے والی اور دیگر اہم سامان مہیا کرنے والی گاڑیوں کو ان ممنوعہ اوقات میں سفر کی اجازت ہو گی۔اس مُدت کے دوران ملازمین کے دفاتر میں کام کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ سرکاری ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اتوار 9 مئی سے منگل 11 مئی تک اپنے گھروں سے ہی کام کریں، دفتر آنے کی ممانعت ہو گی۔ جبکہ مملکت بھر میں عید کے روایتی بازار ”الھبطات‘ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ لوگوں کو کسی بھی مقام پر مجمع لگانے سے منع کیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ ماسک نہ پہننے والوں سے بھی سختی سے نمٹا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں