کورونا کیسز میں اضافہ، لاہور کے مزید 15علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

لاہور(نیوز ڈیسک)کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث لاہور کے مزید 15علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، ان علاقوں میں علامہ اقبال ٹاوَن، مصطفیٰ ٹاوَن، پی آئی اے سوسائٹی، شاہ جمال ودیگر شامل ہیں، لاک ڈاوَن والے علاقوں میں شاپنگ مالز اوردفاتر بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لاہور کے مزید 15علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاوَن لگایا جارہا ہے۔ علامہ اقبال ٹاوَن، مصطفیٰ ٹاوَن اور پی آئی اے سوسائٹی،

میسن روڈ، راج گڑھ ، اسلام پورہ اور شاہ جمال ودیگر میں بھی لاک ڈاوَن نافذ کردیا ہے۔لاک ڈاوَن والے علاقوں میں شاپنگ مالز اور دفاتر بند رہیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 696 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 146 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 5 ہزار 544 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح ساڑھے 9 اعشاریہ 63 فیصد ہو گئی۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 957 ہو گئی ہے جبکہ کل مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 25 ہزار 519 ہو چکی ہے۔24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 48 ہزار 740 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کل 1 کروڑ 18 لاکھ 36 ہزار 866 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کل 90 ہزار 553 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 490 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 7 لاکھ 17 ہزار 9 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں